پاکستان نے 570 رنز پر پہلی اننگز ڈکلیئر کردی، آسٹریلیا نے ایک وکٹ پر 22 رنز بنالئے

ویب ڈیسک  جمعـء 31 اکتوبر 2014
اظہر علی 109 اور مصباح الحق 101 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ فوٹو؛ اے ایف پی

اظہر علی 109 اور مصباح الحق 101 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ فوٹو؛ اے ایف پی

ابوظہبی: پاکستان نے ابوظہبی ٹیسٹ کے دوسرے روز یونس خان کی شاندار ڈبل سینچری کی بدولت 6 وکٹوں کے نقصان پر 570 رنز پر اپنی پہلی اننگز ڈکلیئر کردی جبکہ آسٹریلیا نے دوسرے دن کے اختتام تک اپنی پہلی اننگز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 22 رنز بنا لئے۔

ابوظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ کے دوسرے روز پاکستان کی جانب سے یونس خان اور اظہر علی نے اپنی نامکمل اننگز کا آغاز 304 رنز 2 کھلاڑیوں کے نقصان پر کیا لیکن اظہر علی زیادہ دیر کریز پر نہ رک سکے اور 332 کے مجموعی اسکور پر 109 رنز بنانے کے بعد مچل اسٹارک کی گیند پر ڈیوڈ وارنر کو کیچ دے بیٹھے تاہم دوسری جانب یونس خان کینگروز بولروں کی خوب پٹائی کرتے رہے اور مصباح الحق کے ساتھ چوتھی وکٹ پر 181 رنز کی شراکت قائم کی۔ کپتان مصباح الحق 101 رنز بنانے کے بعد اسٹیون اسمتھ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے جس کے بعد یونس خان بھی زیادہ دیر نہ رک سکے اور 537 کے مجموعی اسکور پر 213 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے جبکہ اسد شفیق 21 رنز بنا سکے۔

قومی ٹیم نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 570 رنز بنائے تو پہلی اننگز ڈکلیئر کردی گئی جبکہ سرفرار احمد 19 اور یاسر شاہ ایک رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹارک 2،پیٹر سڈل ، نیتھن لیون، مچل جانسن اور اسٹیون اسمتھ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

آسٹریلیا نے رنز کا پہاڑ عبور کرنے کے لئے اپنی پہلی اننگز کا آغا کیا تو اس کے اوپنرز کوئی بڑی شراکت قائم کرنے میں ناکام رہے اور 21 رنز پر کرس روجرز 5 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے، آسٹریلیا نے کرس روجرز کے آؤٹ ہونے کے بعد اپنے مجموعی اسکور میں ایک رن کا ہی اضافہ کیا تھا کہ امپائر نے کم روشنی کے باعث کھیل ختم کرنے کا اشارہ کردیا اور اس طرح دوسرے دن کا کھیل اختتام پذیر ہوا۔

واضح رہے کہ یونس خان نے ٹیسٹ کرکٹ میں نہ صرف 8 ہزار رنز کا سنگ میل عبور کیا بلکہ اپنے کیرئیر کی چوتھی ڈبل سنچری بھی مکمل کی جو کسی بھی پاکستانی کھلاڑی کی آسٹریلیا کے خلاف 20 سال بعد پہلی ڈبل سنچری ہے۔ اس سے قبل یونس خان نے اظہر علی کے ساتھ مل کر تیسری وکٹ کے لئے 236 رنز کی شراکت بھی جوڑی جو پاکستان کی جانب سے آسٹریلیا کے خلاف تیسری وکٹ کے لئے سب سے بڑی پارٹر شپ ہے۔ اس سے قبل جاوید میانداد اور انضمام الحق کو پاکستان کی جانب سے 8 ہزار رنز بنانے کا اعزار حاصل ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔