سنگین غداری کیس میں دیگر ملزمان کو شامل کرنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

ویب ڈیسک  جمعـء 31 اکتوبر 2014
خصوصی عدالت شریک ملزمان کو کیس میں شامل کرنے یا نہ کرنے سے متعلق فیصلہ21 نومبر کو سنائے گی۔ فوٹو: فائل

خصوصی عدالت شریک ملزمان کو کیس میں شامل کرنے یا نہ کرنے سے متعلق فیصلہ21 نومبر کو سنائے گی۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد: سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کے مقدمے کی سماعت کرنے والی خصوصی عدالت نے کیس میں دیگر ملزموں کو شامل کرنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق جسٹس فیصل عرب کی سربراہی میں  3 رکنی خصوصی بنچ سابق صدر کے خلاف سنگین غداری کیس کی سماعت کر رہا ہے جبکہ عدالت نے اس درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا جس میں اپیل کی گئی تھی کہ 3 نومبر کی ایمرجنسی لگانے میں شامل دیگرملزموں کو بھی کیس میں شامل کیا جائے جبکہ عدالت نے درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا جو 21 نومبر کو سنایا جائے گا۔

دوران سماعت پرویز مشرف کے وکیل بیرسٹر فروغ نسیم نے ایمرجنسی اقدام سے متعلق سابق وزیراعظم شوکت عزیزکا 4 نومبر2007 کا بیان بھی عدالت میں پیش کیا اور دلائل دیتے ہوئے کہا کہ کوئی فرد مارشل لا یا ایمرجنسی نہیں لگا سکتا اور یہ اجتماعی اقدام ہوتا ہے جس میں دیگر شریک ملزمان کو بھی شامل کیا جائے جس پر عدالت نے درخواست پر فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے سماعت 21 نومبر تک ملتوی کردی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔