ملک کی تقدیر کے فیصلے چوراہوں پر نہیں ہوں گے، وزیراعظم نوازشریف

ویب ڈیسک  جمعـء 31 اکتوبر 2014
ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کا تانتا بندھا ہوا تھا لیکن وہ دھرنوں کی وجہ سے نہیں آئے، وزیراعظم، فوٹو:فائل

ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کا تانتا بندھا ہوا تھا لیکن وہ دھرنوں کی وجہ سے نہیں آئے، وزیراعظم، فوٹو:فائل

اسلام آباد: وزیراعظم نوازشریف کا کہنا ہےکہ الیکشن میں کوئی دھاندلی نہیں ہوئی اس پر گفتگو بےبنیاد ہے جبکہ دھرنے والوں نے پاکستان کا بھی نہیں سوچا ملک کی تقدیر کے فیصلے اس طرح چوکوں پر نہیں ہوں گے۔

وفاقی کابینہ کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کا تانتا بندھا ہوا تھا لیکن وہ دھرنوں کی وجہ سے نہیں آئے اس لیے ان سے سوال کرتا ہوں کہ دھرنے والوں نے پاکستان کی ترقی کا راستہ کیوں روکا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دھرنوں کی وجہ سے ڈالر کی قیمتوں میں اضافہ ہوا اور بجلی کے منصوبوں پر کام شروع نہ ہونے کی وجہ بھی دھرنے ہیں، ہماری معاشی ترقی میں خلل ڈالا گیا ہے عوام ان لوگوں سے پوچھے ایسا کیوں کیاگیا ہے جبکہ ہمارے حوصلے کی داد دینی چاہئے کہ اتنی رکاوٹیں ڈالنے کے باوجود آگے بڑھے۔

وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ الیکشن میں کوئی دھاندلی نہیں ہوئی اس لیے اس پر گفتگو بے بنیاد ہے، دھرنے والوں نے پاکستان کا بھی نہیں سوچا، ملک کی تقدیر کے فیصلے چوکوں پر نہیں ہوں گے۔ ان کاکہنا تھا کہ معیشت کی بہتری سے ہی ڈیم اور بندرگاہیں بنیں گی جب معیشت بہتر ہوگی تو غربت اور بے روزگاری کا خاتمہ ہوگا کیونکہ ملک کی معیشت بہتر ہو تو ہر چیز بہتر ہوتی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔