کراچی حصص مارکیٹ، 30300 پوائنٹس کی حدعبور

بزنس رپورٹر  ہفتہ 1 نومبر 2014
کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس 172.44 پوائنٹس کے اضافے سے30376.53 پر بند ہوا۔ فوٹو: آن لائن/فائل

کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس 172.44 پوائنٹس کے اضافے سے30376.53 پر بند ہوا۔ فوٹو: آن لائن/فائل

کراچی: اقتصادی رابطہ کمیٹی کے بعض مثبت فیصلوں کے اثرات کراچی اسٹاک ایکس چینج کی سرگرمیوں پرجمعہ کو بھی مرتب ہوئے۔

آئل مارکیٹنگ اور آٹوموبائل سیکٹرکی کمپنیوں میں خریداری لہر بڑھنے سے مارکیٹ میں تیزی کا تسلسل قائم رہا جس سے انڈیکس کی 30300 پوائنٹس کی حد عبور ہوگئی، 54 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں مزید31 ارب99 کروڑ 63 لاکھ48 ہزار278 روپے کا اضافہ ہوگیا۔

ٹریڈنگ کے دوران مقامی کمپنیوں، بینکوں ومالیاتی اداروں، انفرادی سرمایہ کاروں اور دیگر آرگنائزیشنز کی جانب سے مجموعی طور پر35 لاکھ64 ہزار 303 ڈالر مالیت کے سرمائے کا انخلا کیا گیا لیکن اس انخلا کے باوجود مارکیٹ مثبت زون میں رہی کیونکہ اس دوران غیرملکیوں کی جانب سے19 لاکھ 66 ہزار 164 ڈالر، میوچل فنڈز کی جانب سے12 لاکھ60 ہزار61 ڈالر اور این بی ایف سیز کی جانب سے3 لاکھ38 ہزار78 ڈالر مالیت کی تازہ سرمایہ کاری کی گئی۔

تیزی کے باعث کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس 172.44 پوائنٹس کے اضافے سے30376.53 ہوگیا جبکہ کے ایس ای 30 انڈیکس 108.05 پوائنٹس کے اضافے سے 20104.82 اور کے ایم آئی 30 انڈیکس110.54 پوائنٹس کے اضافے سے 22269.40 ہوگیا، کاروباری حجم جمعرات کی نسبت 7.16 فیصد کم رہا اور مجموعی طور پر14 کروڑ8 لاکھ 56 ہزار830 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار 371 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں200 کے بھائو میں اضافہ، 157 کے داموں میں کمی اور14 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔