افغان صدر اشرف غنی 30 رکنی وفد کے ہمراہ 2 روزہ دورہ پراسلام آباد پہنچ گئے

ویب ڈیسک  جمعـء 14 نومبر 2014
افغان صدر وزیراعظم، صدر مملکت، وزیر خزانہ اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے ملاقاتیں کریں گے۔ فوٹو؛ریڈیو پاکستان

افغان صدر وزیراعظم، صدر مملکت، وزیر خزانہ اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے ملاقاتیں کریں گے۔ فوٹو؛ریڈیو پاکستان

اسلام آباد: افغانستان کے نومنتخب صدر اشرف غنی 2 روزہ سرکاری دورہ پر 30 رکنی وفد کے ہمراہ اسلام آباد پہنچ گئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے نور خان ایئربیس پر افغان صدر کا استقبال کیا۔30 رکنی افغان وفد میں وزیر خارجہ، وزیر تجارت اور افغان آرمی چیف شامل ہیں۔ افغان صدر اشرف غنی آج انتہائی مصروف دن گزاریں گے جس میں وہ پہلے مرحلے میں مشیر خارجہ سرتاج عزیز اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے ملاقات کے دوران مختلف شعبوں میں دوطرفہ بڑھانے کے حوالے سے بات چیت کریں گے جس کے بعد افغان صدر آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے راولپنڈی میں ملاقات بھی کریں گے۔ افغان صدر کی قیادت میں شام کو ایک وفد صدر مملکت ممنون حسین سے ملاقات بھی کرے گا۔

دوسری جانب وزیراعظم ہاؤس میں کل رسمی ویلکم تقریب کا انعقاد کیا جائے گا جس کے بعد افغان صدر وفود کی سطح پر وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کریں گے جبکہ ملاقات کے دوران خطے کی سیکیورٹی صورتحال سمیت تجارت اور معیشت پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے مہمان صدر کو ظہرانہ بھی دیا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔