لال مسجدآپریشن؛ پرویز مشرف کیخلاف دوسری ایف آئی آر کے اندراج کی درخواست مسترد

ویب ڈیسک  پير 17 نومبر 2014
شہدا فاؤنڈیشن نے پرویز مشرف سمیت 15 افراد کے خلاف دوسری  ایف آئی آر کے اندراج کے لئے درخواست کی سماعت کی thi ، فوٹو: فائل

شہدا فاؤنڈیشن نے پرویز مشرف سمیت 15 افراد کے خلاف دوسری ایف آئی آر کے اندراج کے لئے درخواست کی سماعت کی thi ، فوٹو: فائل

اسلام آباد: مقامی عدالت نے لال مسجد آپریشن میں سابق صدر پرویز مشرف سمیت دیگر افراد کے خلاف دوسری ایف آئی آر کے اندراج کی درخواست مسترد کردی۔

اسلام آباد کی ایڈیشنل سیشن عدالت کے جج سکندر خان نے شہدا فاؤنڈیشن کی جانب سے سابق صدر پرویز مشرف سمیت 15 افراد کے خلاف دوسری  ایف آئی آر کے اندراج کے لئے درخواست کی سماعت کی، فریقین کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے  قراردیا کہ درخواست گزار کی جانب سے یہ نہیں کہا گیا کہ اس سلسلے میں پہلے سے درج ایف آئی آر درست نہیں اس لئے دوسری ایف آئی آر سے متعلق درخواست کو مسترد کیا جاتا ہے، اس سلسلے میں درخواست گزار متعلقہ تھانے سے رابطہ کر کے اپنا بیان ریکارڈ کرا سکتا ہے۔

واضح رہے کہ 2007 میں اسلام آباد کی لال مسجد میں اس وقت کی حکومت کی جانب سے ایک آپریشن کیا گیا  تھا جس میں مسجد کے نائب خطیب غازی عبدالرشید سمیت کئی افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔