کیوی پلیئرز بھی ایشیا میں بیٹنگ کا فن سیکھنے لگے

اسپورٹس ڈیسک  بدھ 19 نومبر 2014
کیویز تین مرتبہ بھارت جبکہ 4، 4 بار سری لنکا اوربنگلہ دیش میں ایک ٹیسٹ اننگز میں  400 پلس رنز بنا چکے۔  فوٹو : اے ایف پی

کیویز تین مرتبہ بھارت جبکہ 4، 4 بار سری لنکا اوربنگلہ دیش میں ایک ٹیسٹ اننگز میں 400 پلس رنز بنا چکے۔ فوٹو : اے ایف پی

دبئی: کیوی پلیئرز بھی ایشیا میں بیٹنگ کا فن سیکھنے لگے۔

ٹیم نے دیار غیر میں پاکستان کے خلاف 30 برس بعد 400 سے زائد رنز اسکور کرلیے، آخری مرتبہ اس نے یہ کارنامہ1984 کے کراچی ٹیسٹ میں انجام دیا تھا،اس دوران کیویز تین مرتبہ بھارت جبکہ 4، 4 بار سری لنکا اوربنگلہ دیش میں ایک ٹیسٹ اننگز میں  400 پلس رنز بنا چکے۔

دبئی میں جاری ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں نیوزی لینڈ نے مجموعی طور پر 156 اوورز کا سامنا کیا، یہ رواں برس چوتھا موقع ہے جب اس نے کسی ایک ٹیسٹ اننگز میں 150سے زائد اوورز بیٹنگ کی،اس سے قبل ایک برس میں سب سے زیادہ 150پلس اوورز اس نے 1972 کی5 اننگز میں کھیلے تھے۔ 30 برس بعد نیوزی لینڈ نے پاکستان کیخلاف کسی ایک اوے ٹیسٹ اننگز میں چار 50 پلس پارٹنرشپس کیں۔

آخری مرتبہ ایسا کراچی میں 1984 میں ہی ہوا تھا۔24 برس بعد نیوزی لینڈ کی جانب سے پاکستان کیخلاف کسی اوے ٹیسٹ اننگز میں ساتویں وکٹ کے لیے بڑی شراکت ہوئی،اس بار بریڈلی جان واٹلنگ اور مارک کریگ نے 68 رنز جوڑے، مجموعی طور پر یہ اس فہرست میں چوتھی بڑی پارٹنر شپ ہے۔ ایش سودھی کے پاس دسویں یا گیارہویں نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے تین ففٹی پلس اسکور بنانے والے دنیا کے پہلے پلیئر کااعزاز پانے کا سنہری موقع تھا مگر جب وہ 32 رنز پرپہنچے تو باقی ٹیم آؤٹ ہوچکی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔