قائداعظم ٹرافی، کراچی ڈولفنز کے سامنے ٹائیگرز 46 پر ڈھیر

اسپورٹس ڈیسک  بدھ 19 نومبر 2014
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کوئٹہ بیئرز کے سامنے کراچی زیبراز کے تمام بیٹسمین 187 پر پویلین لوٹ گئے۔ فوٹو: فائل

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کوئٹہ بیئرز کے سامنے کراچی زیبراز کے تمام بیٹسمین 187 پر پویلین لوٹ گئے۔ فوٹو: فائل

لاہور: قائد اعظم ٹرافی میں کراچی ڈولفنز کے سامنے ملتان ٹائیگرز46رنز پر ڈھیرہوگئے، میر حمزہ نے صرف 16 رنز کے بدلے 6 وکٹیں اڑائیں، عدیل ملک نے 4 شکار کیے، ڈولفنز نے 4 وکٹ پر307 رنز بنا کر پوزیشن مستحکم کرلی۔

بہاولپور اسٹیگز نے فیصل آباد وولفز کو 76 پر ٹھکانے لگا دیا، ظاہر صدیقی نے 6 وکٹیں اپنے نام کیں۔ نیشنل بینک نے2 پر 238 رنز جوڑتے ہوئے واپڈا کو مشکلات کا شکار کردیا، سمیع اسلم 101 اور فواد عالم54 رنز کے ساتھ ڈٹے ہوئے ہیں۔ زرعی بینک کیخلاف پورٹ قاسم نے خرم منظورکی تھری فیگراننگزسے تقویت پاتے ہوئے2 وکٹ پر 248 رنز بنالیے، پشاور کیخلاف لاہور لائنز نے 220 پر 7 وکٹیں گنوا دیں۔ اسلام آباد لیپرڈز کیخلاف راولپنڈی ریمز نے7 وکٹ پر322 رنز جوڑ لیے۔ سلور لیگ میں کوئٹہ بیئرز کیخلاف کراچی زیبراز 187 پر میدان بدر ہوگئے، گوہر فیاض نے5 وکٹیں اپنے نام کیں۔

تفصیلات کے مطابق گولڈ لیگ ساتویں راؤنڈ کے ابتدائی دن ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں میزبان ٹائیگرز کے بیٹسمین جم کر نہ کھیل سکے،  کراچی ڈولفنز نے صرف 46 رنز پر سب کو پویلین بھیج دیا، 6 پلیئرز بغیر کھاتہ کھولے رخصت ہوئے، کاشف نوید14 رنز کے ساتھ ڈبلز فیگر میں داخل ہونے والے واحد بیٹسمین بنے، میر حمزہ نے صرف 16 رنز دے کر 6 وکٹیں اپنے نام کیں، عدیل ملک نے انھیں بھرپور سپورٹ کرتے ہوئے4 پلیئرز کو آؤٹ کیا، مہمان بیٹسمین اسی وکٹ پر میزبان بولرز پر برس پڑے اور پہلے روز کا کھیل ختم ہونے تک4 وکٹیں گنوا کر 307 رنز اسکور بورڈ پر سجالیے، رمیز راجہ، یاسر مشتاق اور محمد وقاص ففٹیزبنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔

مرغزار کرکٹ گراؤنڈ میں سوئی ناردرن گیس نے یو بی ایل کیخلاف پہلی اننگز میں6 وکٹ پر 209 رنز اسکور کرلیے، علی وقاص 66 پر آؤٹ ہوئے، خرم شہزاد 58 کے ہمراہ دوسرے دن کھیل کا آغاز کریں گے، پرنس عباس نے 3 اور علی زاہد نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ راولپنڈی اسٹیڈیم میں واپڈا کیخلاف نیشنل بینک نے پہلی کاوش میں صرف 2 وکٹ پر238 رنز بنا لیے، ناصر جمشید53 پر آؤٹ ہوئے، سمیع اسلم نے ناٹ آؤٹ101 اور فواد عالم نے 54 کے ساتھ پہلے روز کا اختتام کیا۔

نیشنل گراؤنڈ اسلام آباد میں پورٹ قاسم نے زرعی بینک کیخلاف 2 وکٹیں گنوا کر248 رنز بنا لیے، خرم منظور111 رنز کیساتھ وکٹ پر موجود ہیں، عمر امین51 اور شاہزیب حسن 50 رنز پرآؤٹ ہوئے۔ ڈائمنڈ گراؤنڈ اسلام آباد میں راولپنڈی ریمز کے بیٹسمینوں نے میزبان لیپرڈز کے بولرز کی خوب پٹائی کی، ٹیم نے پہلے دن7 وکٹیں گنوا کر 322 رنز بنا لیے، نوید ملک 80 اور عثمان سعید 78 کے ساتھ نمایاں رہے، یاسم مرتضیٰ60 پر ناٹ آؤٹ ہیں۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں میزبان لائنز نے پشاور پینتھرز کیخلاف 220 پر 7 وکٹیں گنوا دیں، سعد نسیم 71 اور رضا علی ڈار 51رنز بنانے میں کامیاب رہے، تاج ولی نے 62 رنز کے بدلے 4 وکٹیں اپنے نام کیں۔ دوسری طرف سلور لیگ میں اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں بہاولپور اسٹیگز کے بولرز نے میزبان بیٹسمینوں کو صرف 76 پر ٹھکانے لگادیا، ظاہر صدیقی نے 6 پلیئرز کو آؤٹ کیا، عمران اللہ کے حصے میں 3 وکٹیں آئیں۔

جواب میں فیصل آباد وولفز کے بولرز نے بھی مہمان بیٹسمینوں کو کُھل کرکھیلنے کا موقع فراہم نہ کیا اور پہلے روز کے اختتام تک 96 رنز پر 7 وکٹیں اڑا دیں، سعادت علی نے5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کوئٹہ بیئرز کے سامنے کراچی زیبراز کے تمام بیٹسمین 187 پر پویلین لوٹ گئے، احمد اقبال نے 65 رنزکے ہمراہ مزاحمت کی، گوہر فیاض 5 شکار کرنے میں کامیاب رہے، ناظر حسین نے 3 وکٹیں لیں۔ کوئٹہ بیئرز نے جواب میں بغیر کسی نقصان کے 8 رنز بنالیے۔

ایل سی سی اے گراؤنڈ لاہور میں میزبان ایگلز نے فہد الحق کی ناقابل شکست 116 رنز کی اننگز کی بدولت حیدر آباد ہاکس کیخلاف 5 وکٹ پر225 رنز اسکور کرلیے، میر علی اور لال کمار نے 2،2 وکٹیں اپنے نام کیں۔ جناح اسٹیڈیم سیالکوٹ میں پی آئی اے نے پی ٹی وی کو 133 پر آؤٹ کرنے کے بعد 4 وکٹ پر 133 رنز بنالیے، نجف شاہ نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 6 وکٹیں اپنے نام کیں۔ ایبٹ آباد اسٹیڈیم میں میزبان فالکنز سیالکوٹ کے مقابل 229 پر آؤٹ ہوگئے، اکرام اللہ خان 46 کیساتھ آخر تک ڈٹے رہے، وقاص احمد نے 4 وکٹیں لیں، سیالکوٹ اسٹالینز نے جواب میں ایک وکٹ پر 42ر نز بنائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔