ایکسپریس فیملی فیسٹیول کل ایکسپو سینٹر میں شروع ہو گا

نمائندہ ایکسپریس  جمعـء 21 نومبر 2014
شوبز، فیشن انڈسٹری، اسپورٹس اور دیگر شعبوں سے وابستہ معروف شخصیات بھی شرکت کریں گی۔ فوٹو : فائل

شوبز، فیشن انڈسٹری، اسپورٹس اور دیگر شعبوں سے وابستہ معروف شخصیات بھی شرکت کریں گی۔ فوٹو : فائل

لاہور: ایکسپریس میڈیا گروپ کے زیراہتمام فیملیز کیلیے موج مستی اور مزہ کے سلوگن کیساتھ رنگا رنگ فیملی فیسٹیول کل شروع ہوگا، افتتاحی تقریب کل صبح دس بجے ایکسپو سنٹر میں ہوگی۔

2روز جاری رہنے والے اس فیسٹیول میں فیملیز کیلئے داخلہ بالکل مفت ہوگا۔ بچوں کیلئے کڈززون، یوتھ کیلیے میوزک کنسرٹ اوردلچسپ تفریحی مقابلے فیسٹیول کا حصہ ہونگے۔ ملکی اور انٹرنیشنل کمپنیز نے اپنے اسٹالز کی تزئین وآرائش کا کام شروع کر دیا، شرکت کرنے والوں کو انٹرنیشنل اسٹینڈر کے اسٹالز اور مناسب نرخوں کے ساتھ خریداری کے مواقع بھی دستیاب ہوں گے۔ فیسٹیول کے دونوں روز فلم، ٹی وی، تھیٹر، میوزک اور فیشن انڈسٹری کے علاوہ کھیل اور دیگر شعبوں سے وابستہ معروف شخصیات شرکت کریں گی۔

دوسری جانب ایکسپریس فیملی فیسٹیول میں روزنامہ ایکسپریس کے زیراہتمام ’’وائس آف لاہور‘‘ کا مقابلہ گلوکاری ہفتہ دس بجے دن ایکسپو سنٹر میں شروع ہو گا، اس مقابلے کیلئے سینکڑوں خواہشمند اپنا اندراج کروا چکے ہیں۔ ججز میں رفاقت علی خان اور ڈاکٹر سہیل ہاشمی ہوں گے جو ’’وائس آف لاہور‘‘ کا انتخاب کریں گے۔ مقابلے میں کامیابی حاصل کرنے والوں کے علاوہ دیگر شرکا کی حوصلہ افزائی کیلئے انہیں بھی تحائف اور انعامات دئے جائیں گے۔ ’’ایکسپریس ماڈل آف لاہور ‘‘ کے تصویری مقابلہ کیلئے سینکڑوں تصاویر موصول ہو چکی ہیں۔

اس مقابلے میں شرکت کے خواہشمند اپنی تصویر کے ہمراہ دن 12بجے تک رجسٹریشن کروا سکیں گے۔ شام پانچ بجے میوزیکل کنسرٹ ہو گا جس میں صرف فیملیز کو شریک ہونے کی اجازت ہوگی۔ گلوکار جواد احمد، حمیرا ارشد، امانت علی، مون، فریحہ اکرم، آئی ایم ایکس بینڈ، رانا اشفاق، حوریہ خان اپنی آواز کا جادو جگائیں گے جبکہ کامیڈی کنگ امان اللہ، امانت چن، اکرم اداس، ظفر ارشاد، افضل بوبی، لکی ڈئیر اور دیگر معروف کامیڈین بھی محظوظ کریں گے۔ گلوکاری کے مقابلے میں شرکت کے خواہشمند مزید رہنمائی اور تفصیلات کیلئے اس فون نمبر 0321-4623346 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔