راحت فتح علی ’’نوبل ایوارڈز‘‘ کی تقریب میں آواز کا جادو جگانے والے پہلے پاکستانی

ویب ڈیسک  ہفتہ 22 نومبر 2014
اس قدر اہم ترین عالمی تقریب میں شرکت کرنا میرے لئے بہت بڑے اعزاز کی بات ہے،راحت فتح علی خان فوٹو: فائل

اس قدر اہم ترین عالمی تقریب میں شرکت کرنا میرے لئے بہت بڑے اعزاز کی بات ہے،راحت فتح علی خان فوٹو: فائل

لاہور: پاکستان کے معروف موسیقار اور گلوکار راحت فتح علی خان رواں برس عالمی شہرت یافتہ نوبل ایوارڈ کی تقریب میں اپنی آواز کا جادو جگا کر اس تقریب میں فنکار کی حیثیت سے شرکت کرنے والے پہلے پاکستانی بن جائیں گے۔

امریکی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق ہر سال کی طرح اس سال بھی ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات سرانجام دینے والی شخصیات کو عالمی شہرت یافتہ ’’نوبل انعام‘‘ سے نوازا جائے گا۔ رواں برس یہ تقریب 10 دسمبر کو ہوگی۔ اس برس  ہونے والی تقریب پاکستان اور پاکستانیوں، دونوں کے لئے انتہائی فخر کا باعث ہوگی کیونکہ اس تقریب میں پاکستان کے لئے امن کا نوبل ایوارڈ جیتنے والی ملالہ یوسف زئی کو باقاعدہ طور پر اس اعزاز سے نوازا جائے گا۔ نوبل ایوارڈز کے ان تاریخی لمحات کو ہمیشہ کے لئے یادگار بنانے کے لئے پاکستان کا دنیا بھر میں نام اونچا کرنے والے گلوکار راحت فتح علی خان کو بھی مدعو کیا گیا ہے جو تقریب میں اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔ اس طرح وہ اس تقریب میں آواز کا جادو جگانے والے پہلے پاکستانی گلوکار ہوں گے۔

نوبل ایوارڈز کی تقریب میں اپنے فن کا مظاہرہ کرنے کے حوالے سے راحت فتح علی خان کا کہنا ہے کہ اس عالمی تقریب میں شرکت کرنا ان کے لئے بہت بڑے اعزاز کی بات ہے۔ تقریب 10 دسمبر کو ہوگی لیکن وطن عزیز کی نمائندگی کا خوش گوار احساس ان کے لئے ناقابل بیان ہوتا جا رہا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔