وزیراعلیٰ پنجاب نے وہاڑی اور سرگودھا کے اسپتالوں میں بچوں کی ہلاکت کا نوٹس لے لیا

ویب ڈیسک  ہفتہ 22 نومبر 2014
وزیراعلیٰ نے گرین ٹاؤن تھانے میں پولیس کی حراست میں ملزم کی ہلاکت کا بھی نوٹس لیتے ہوئے  ڈی آئی جی آپریشنز سے رپورٹ طلب کرلی۔ فوٹو: پی پی آئی/ فائل

وزیراعلیٰ نے گرین ٹاؤن تھانے میں پولیس کی حراست میں ملزم کی ہلاکت کا بھی نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنز سے رپورٹ طلب کرلی۔ فوٹو: پی پی آئی/ فائل

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے وہاڑ ی  اور سرگودھا کے اسپتالوں میں بچوں کی ہلاکت کا نوٹس لیتے ہوئے مجرمانہ غفلت برتنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں مختلف معاملات کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب نے وہاڑی اور سرگودھا کے اسپتالوں میں ہونے والی بچوں کی ہلاکت کا نوٹس لیتے ہوئے مجرمانہ غفلت برتنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیا۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ وہاڑی اور سرگودھا کے اسپتالوں میں مجرمانہ غفلت برتنے کے واقعات انتہائی شرمناک ہیں،  پاکستان کا ایک ایک بچہ عزیز  ہے اور انسانی جانوں سے کھیلنے والے کڑی سزا کے مستحق ہیں۔ اس کے علاوہ وزیراعلیٰ نے گرین ٹاؤن تھانے میں پولیس کی حراست میں ملزم کی ہلاکت کا بھی نوٹس لیتے ہوئے  ڈی آئی جی آپریشنز سے رپورٹ طلب کی۔

واضح رہے کہ گزشتہ 4 روز میں سرگودھا کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال میں آکسیجن کی کمی اور ڈاکٹرز کی غفلت کے باعث 18 بچے  سسک سسک کر دم توڑ چکے ہیں جب کہ گزشتہ ماہ وہاڑی کے ڈسٹرکٹ اسپتال میں بھی 8 بچے جان کی بازی ہار گئے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔