سونامی کے چیمپئن عمران خان میں طالبان کو دہشت گرد کہنے کی ہمت نہیں، شرجیل میمن

ویب ڈیسک  ہفتہ 22 نومبر 2014

کراچی: وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہا ہے کہ سونامی کے چیمپئن عمران خان طالبان کو دہشت گرد کہنے کی ہمت نہیں کرسکتے جبکہ نثار کھوڑو کا کہنا ہےکہ تحریک انصاف کے جلسے میں لاڑکانہ کے لوگوں نے بتادیا ہے کہ سندھ والے کوئی غلیظ زبان برداشت نہیں کریں گے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل میمن نے کہا کہ تحریک انصاف کے جلسے کی سکیورٹی کے لیے انتظامات خود دیکھے جس پر عارف علوی اور نادر اکمل لغاری نے حکومت کے اس جذبے کو سراہا، ہم نے تحریک انصاف کے جلسے کو مکمل سکیورٹی فراہم کی اور ان کے لیے اسپیشل ہیلی پیڈ بنایا، جلسے سے ایک دن پہلے تک کسی قسم کی کوئی شکایت نہیں تھی لیکن جلسے کے دن یہ خبریں آئیں کہ تحریک انصاف کے لوگوں کو لاڑکانہ آنے سے روکا جارہا ہے جس پر بے حد افسوس ہوا جبکہ میڈیا پر اس سےمتعلق کوئی فوٹیج بھی سامنے نہیں آئی۔

شرجیل میمن نے کہا کہ سکیورٹی خدشات کے باعث عمران خان نے خود سکیورٹی کی درخواست کی تھی لیکن اس کے باوجود تحریک انصاف کی منافقت پر افسوس ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سونامی کے چیمپئن عمران خان طالبان کو دہشت کہنے کی ہمت نہیں کرسکتے اور جو طالبان کو دہشت گرد نہیں کہہ سکتا اسے پاکستان میں سیاست کرنے کا بھی کوئی حق نہیں۔ اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے سینئر صوبائی وزیر تعلیم نثار کھوڑو نے کہا کہ عمران خان لاڑکانہ میں بولڈ ہوگئے ہیں، سندھیوں نے ہمیشہ پیپلزپارٹی کا ساتھ دیا ہے اور لاڑکانہ والوں نے تحریک انصاف کے جلسے میں بتادیا کہ سندھ والے غلیظ زبان برداشت نہیں کرسکتے ہم نے ہمیشہ اپنی پگڑی کی عزت رکھی اور سر اٹھا کر جینا سیکھا ہے۔

نثار کھوڑو کا کہنا تھا کہ عمران خان واحد شخص تھے جنہوں نے پرویز مشرف کی حمایت کی اور مشرف کے ساتھی عوام کے دوست نہیں ہوسکتے جبکہ ہم نے کسی کی غلامی یا پچھلے دروازے سے آنے کی کوشش نہیں کی اور نہ ہی کسی تھرڈ امپائر کا انتظار کیا، اگر کسی کو طیش میں آنا ہے تو سوبار آئے لیکن سندھ کی بے عزتی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے عمل اور بیانات میں تضاد ہے، پیپلزپارٹی نے واضح طور پر کہا تھا کہ کالا باغ ڈیم نہیں بنے گا کیونکہ سندھ کے پانی پر پہلا حق سندھیوں کا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔