’’گو نواز گو‘‘ کا نعرہ جلد رائے ونڈ میں بھی گونجے گا، عمران خان

ویب ڈیسک  ہفتہ 22 نومبر 2014
ملک میں جمہوریت کی بات کرنے والے اس کی آڑ میں پیسہ بناتے ہیں، عمران خان  فوٹو: وسیم نذیر/ ایکسپریس

ملک میں جمہوریت کی بات کرنے والے اس کی آڑ میں پیسہ بناتے ہیں، عمران خان فوٹو: وسیم نذیر/ ایکسپریس

اسلام آباد: تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے کہا ہے کہ نوازشریف اپنی کرسی بچانے کے لیے سب کچھ کریں گے لیکن ہم تھک ہار کر نہیں جائیں گے جبکہ ہر جگہ لگنے والا ’’گو نواز گو’’ کا نعرہ جلد رائے ونڈ میں بھی گونجے گا۔

اسلام آباد کے ڈی چوک پر دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ میں وزیر اعظم نواز شریف اور ان کے حواریوں کو جانتا ہوں،حکومت کا خیال تھا کہ دھرنے والے تھک ہار کر چلے جائیں گے لیکن انصاف ملنے تک دھرنا جاری رہے گا اور حکومت جتنا وقت لے گی مجھے پاکستان کے کونے کونے تک اپنا پیغام پہنچانے کا موقع ملے گا جبکہ ہر جگہ لگنے والا ’’گو نواز گو‘‘ کا نعرہ جلد رائے ونڈ میں بھی گونجے گا۔

عمران خان نے کہا کہ خیبر پختونخوا کی حکومت دھاندلی سے نہیں بلکہ جائز طریقے سے منتخب ہوئی، اگر کوئی کہہ دے کہ ہم نے صوبے میں دھاندلی کی ہے تو ہم فوری الیکشن کرائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام اب نظریے کے ساتھ کھڑے ہیں اور عوام جب نظریے کے ساتھ ہوں تو انہیں کوئی نہیں روک سکتا،عام آدمی صرف ووٹ کے ذریعے ہی ظالموں اور لٹیروں کا مقابلہ کرسکتا ہے اس لئے ہم نئے پاکستان میں عوام کا ووٹ چوری کرنے والوں کو کٹہرے میں لائیں گے۔

چیرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اب تک حقیقی جمہوریت نہیں آئی، حقیقی جمہوریت خوشحالی لاتی ہے لیکن بدقسمتی سے ہمارے ملک میں جمہوریت کی بات کرنے والے اس کی آڑ میں پیسہ بناتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔