انسداد پولیو مہم کے دوران حساس علاقوں کا محاصرہ کیا جائے گا، ڈائریکٹر ہیلتھ

اسٹاف رپورٹر  پير 24 نومبر 2014
سہ روزہ انسداد پولیومہم کو کامیاب بنانے کیلیے1706پولیو رضاکاروںکی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، مہم 26 نومبر تک جاری رہے گی، ڈائریکٹر ہیلتھ کراچی فوٹو: ایکسپریس/فائل

سہ روزہ انسداد پولیومہم کو کامیاب بنانے کیلیے1706پولیو رضاکاروںکی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، مہم 26 نومبر تک جاری رہے گی، ڈائریکٹر ہیلتھ کراچی فوٹو: ایکسپریس/فائل

کراچی: کراچی میں آج (پیرسے) سہ روزہ انسداد پولیو مہم رینجرز اور پولیس کی نگرانی میں شروع کی جائیگی، کراچی کے 16 ٹاؤنز کی 86 یونین کونسلوں کے 5سال تک کی عمر کے 5 لاکھ 75 ہزار بچوں کو پولیو وائرس سے بچاؤ کی حفاظتی خوراک پلائی جائیگی۔

ڈائریکٹر ہیلتھ کراچی ڈاکٹر ظفر اعجاز نے بتایا ہے کہ سہ روزہ انسداد پولیومہم کو کامیاب بنانے کیلیے1706پولیو رضاکاروںکی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، مہم 26 نومبر تک جاری رہے گی، مہم کوکامیاب بنانے کیلیے حساس علاقوں میں رینجرز اور پولیس کے اہلکار متعلقہ علاقوں کا محاصرہ اور نگرانی کریں گے تاکہ کوئی بھی بچہ پولیو وائرس کی حفاظتی خوراک پینے سے محروم نہ رہ جائے۔

انھوں نے بتایاکہ  کراچی کی حساس یونین کونسلوں کی قانون نافذ کرنیوالے ادارے ایک رات قبل نگرانی شروع کردیں گے، کراچی میں پولیووائرس کے بڑھتے ہوئے کیسزکے پیش نظرعالمی ادارہ صحت نے حکومت پاکستان اورحکومت سندھ کوخصوصی طورپر وائرس کے خاتمے کا ہدف دیا ہے جس پر وزیراعظم پاکستان نے چاروں صوبائی حکومتوں کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ انسداد پولیومہم کو ہرصورت میں کامیاب بنائیں جس پر صوبائی حکومت نے انسداد پولیومہم کو مانیٹر کرنے کیلیے کمشنر کراچی کو خصوصی ٹاسک دیدیا ہے اوران کی نگرانی میں پولیومہم کے دوران پولیس اہلکاروںکوبھی مہم میں شامل کیا جارہا ہے۔

انھوں نے کہاکہ کراچی میں سائٹ، بلدیہ، گڈاپ سمیت دیگر حساس یونین کونسلوںمیں پولیس اور رینجرزکے اہلکاروںکی تعیناتی خصوصی طورپرکی جارہی ہیں جو براہ راست کمشنر کراچی کے ماتحت ہیں، واضح رہے کہ رواں سال ملک بھر میں 260 پولیو کیسز کی تصدیق کی جاچکی ہے، ان میں کراچی کے 24 جبکہ اندرون سندھ کے 2 کیس شامل ہیں۔

کراچی سمیت ملک بھر میں پولیو کیسز کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر عالمی ادارہ صحت نے حکومت پاکستان کو وائرس کے خاتمے کیلیے2015تک کا ہدف دیا، اگر حکومت نے یہ ہدف مکمل نہ کیاتو پاکستانیوں پر بیرون ملک جانے کے دوران سفری پابندیاں مزید سخت کردی جائیں گی، مخصوص مشین کے ذریعے پاکستانیوں کے جسم میں پولیو وائرس کی تصدیق کی جائیگی، رائع کے مطابق جس پاکستانی مسافر کے جسم میں پولیو وائرس پایاگیا تو اس کوڈی پورٹ کردیاجائے گا جس سے حکومت اور پاکستانیوں کو نقصان کا سامنا ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔