پابندی کے باوجود جادوگر اسپنر سعید اجمل کی بادشاہت برقرار

ویب ڈیسک  پير 24 نومبر 2014
سعید اجمل پر آئی سی سی نے 9 ستمبر کو ہر قسم کی کرکٹ کھیلنے پر پابندی لگائی تھی۔  فوٹو: فائل

سعید اجمل پر آئی سی سی نے 9 ستمبر کو ہر قسم کی کرکٹ کھیلنے پر پابندی لگائی تھی۔ فوٹو: فائل

دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے نئی ون ڈے رینکنگ جاری کردی ہے جس میں بولنگ کیٹیگری میں جادوگر اسپنر سعید اجمل بدستور پہلی پوزیشن پر براجمان ہیں۔

آئی سی سی کی نئی ون ڈے رینکنگ کی بیٹنگ کیٹیگری میں جنوبی افریقا کے اے بی ڈیویلیرز 887  پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن برقرار ہیں جب کہ بھارت کے ویرات کوہلی 862 پوائنٹس کے ساتھ دوسری اور جنوبی افریقا کے ہاشم آملہ 828 پوائنٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن پر موجود ہیں، ٹاپ 10 بیٹسمینوں میں پاکستان کا کوئی بھی کھلاڑی شامل نہیں تاہم  کپتان مصباح الحق 13ویں، احمد شہزاد 18ویں اور محمد حفیظ 20 نمبر پر ہیں۔

بولنگ کیٹیگری میں ویسٹ انڈیز کے سنیل نرائن دوسری، جنوبی افریقا کے ڈیل اسٹین تیسری، انگلینڈ کی جیمز اینڈرسن چوتھی اور آسٹریلیا کے مچل جانسن پانچویں پوزیشن پر موجود ہیں جب کہ اس کیٹیگری میں محمد حفیظ چھٹے نمبر پرہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان اورسری لنکا کے درمیان کھیلے گئے گال ٹیسٹ کے دوران سعید اجمل کی  بعض گیندوں کو امپائرز نے قوانین کے خلاف قراردیتے ہوئے اس کی رپورٹ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل  میں پیش کی تھی جس پر  آئی سی سی نے کارروائی کرتے ہوئے ان  پر 9 ستمبر کو ہر قسم کی کرکٹ کھیلنے پر پابندی لگادی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔