الیکشن ٹریبونل کا این اے 122 میں عمران خان اور ایاز صادق کو گواہ پیش کرنے کا حکم

ویب ڈیسک  پير 24 نومبر 2014
اگر عمران خان خود بھی اپنا بیان قلمبند کرانا چاہیں تو آسکتے ہیں، الیکشن ٹریبونل، 
فوٹو:فائل

اگر عمران خان خود بھی اپنا بیان قلمبند کرانا چاہیں تو آسکتے ہیں، الیکشن ٹریبونل، فوٹو:فائل

لاہور: الیکشن ٹریبونل نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 122 کے انتخابی عذر داری کیس میں عمران خان اور ایاز صادق کو 29 نومبر تک گواہ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کےمطابق الیکشن ٹریبونل نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 122 میں انتخابی عذر داری سے متعلق عمران خان کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت کی جس میں عدالت نے دونوں فریقین کو 29 نومبر تک گواہ پیش کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ الیکشن ٹریبونل کے جج جسٹس کاظم ملک کا کہنا تھا کہ انتخابی عذرداری کیس میں  29 نومبر سے التوا کسی صورت قبول نہیں ہوگا اور تاریخ مانگنے والے کو جرمانہ کیا جائے گا۔

الیکشن ٹریبونل کا کہنا تھا کہ اگر عمران خان خود بھی اپنا بیان قلمبند کرانا چاہیں تو آسکتے ہیں تاہم دونوں فریقین اور وکلا سمیت 10 افراد کو عدالت آنے کی اجازت ہوگی جب کہ عدالت میں داخلے کے لیے خصوصی پاسز بھی جاری کیے جائیں گے۔

واضح رہے کہ عام انتخابات 2013 میں لاہور میں قومی اسمبلی کی نشست این اے 122 سے عمران خان اور اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق مد مقابل تھے جس میں عمران خان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تاہم عمران خان نے  الیکشن میں دھاندلی کا الزام عائد کرتے ہوئے حلقے میں ووٹوں کی دوبارہ جانچ پڑتال کا مطالبہ کیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔