کراچی اسٹاک مارکیٹ میں مندی، 177 پوائنٹس کی کمی

بزنس رپورٹر  منگل 25 نومبر 2014
مندی کے باعث کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس177.88 پوائنٹس کی کمی سے31316.96 ہوگیا فوٹو: اے ایف پی/فائل

مندی کے باعث کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس177.88 پوائنٹس کی کمی سے31316.96 ہوگیا فوٹو: اے ایف پی/فائل

کراچی: اسلام آباد میں دھرنا کی وجہ سے سیاسی افق پرغیریقینی صورتحال دوبارہ غالب ہونے اور ریجنل مارکیٹس میں مندی کی وجہ سے کراچی اسٹاک ایکس چینج میں پیر کو ایک بارپھر اتارچڑھاؤ کے بعد مندی کے بادل چھائے رہے جس سے انڈیکس کی31400 پوائنٹس کی حد بھی گرگئی، 61.45 فیصد حصص کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی جبکہ سرمایہ کاروں کے43 ارب41 کروڑ 42 لاکھ86 ہزار975 روپے ڈوب گئے۔

ماہرین اسٹاک کا کہنا ہے کہ اقتصادی محاذ پر اگرچہ متعدد اچھی اطلاعات زیرگردش ہیں لیکن سیاسی افق پرغیریقینی صورتحال کے سبب سرمایہ کار طویل المدت سرمایہ کاری سے گریزاں ہیں جس کی وجہ سے چند سیشن میں تیزی کے بعد یکدم بڑی نوعیت کی مندی رونما ہوجاتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کاروبار کے دوران ایک موقع پر120 پوائنٹس کی تیزی بھی ہوئی لیکن فوری منافع کے حصول پر رحجان غالب ہونے کی وجہ سے مذکورہ تیزی زیادہ دیربرقرار نہ رہ سکی اور مارکیٹ مندی کے زیراثر ہوئی۔

ٹریڈنگ کے دوران غیرملکیوں، مقامی کمپنیوں، بینکوں ومالیاتی اداروں اور انفرادی سرمایہ کاروں کی جانب سے مجموعی طور پر65 لاکھ80 ہزار747 ڈالر مالیت کی تازہ سرمایہ کاری کی گئی جبکہ اس دوران میوچل فنڈز کی جانب سے58 لاکھ73 ہزار123 ڈالر، این بی ایف سیز کی جانب سے3 لاکھ34 ہزار746 ڈالر اور دیگر آرگنائزیشنز کی جانب سے3 لاکھ72 ہزار877 ڈالر مالیت کے سرمائے کا انخلا کیا گیا۔

مندی کے باعث کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس177.88 پوائنٹس کی کمی سے31316.96 ہوگیا جبکہ کے ایس ای30 انڈیکس94.48 پوائنٹس کی کمی سے20515.67 اور کے ایم آئی30 انڈیکس 297.24 پوائنٹس کی کمی سے 50210.83 ہوگیا۔ کاروباری حجم گزشتہ جمعہ کی نسبت 17.75 فیصد زائد رہا اور مجموعی طور پر 20 کروڑ4 لاکھ96 ہزار890 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار371 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں123 کے بھاؤ میں اضافہ 228 کے داموں میں کمی اور20 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

جن کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ان میں نیسلے پاکستان کے بھاؤ 175 روپے بڑھ کر 8775 روپے اور باٹا پاکستان کے بھاؤ 75.01 روپے بڑھ کر 3200.01 روپے ہوگئے جبکہ رفحان میظ کے بھاؤ 500 روپے کم ہوکر10400 روپے اور ایکسائیڈ پاکستان کے بھاؤ 95.28 روپے کم ہوکر1935.71 روپے ہوگئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔