بورڈ سعیداجمل کوجنوری تک کلیئرکرانے کیلیے کوشاں

اسپورٹس رپورٹر  منگل 25 نومبر 2014
ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی بڑاچیلنج ہے، اگلے سال بھارت سے سیریز کیلیے پُرامید ہیں، شہریار خان۔ فوٹو: اے ایف پی / فائل

ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی بڑاچیلنج ہے، اگلے سال بھارت سے سیریز کیلیے پُرامید ہیں، شہریار خان۔ فوٹو: اے ایف پی / فائل

لاہور: پی سی بی سعید اجمل کو جنوری تک کلیئر کرانے کیلیے کوشاں ہے،چیئرمین شہریار خان نے کہاکہ آف اسپنرکے بازو کا خم20 ڈگری سے کم ہو چکا، مزید بہتری لانا بہت مشکل کام ہو گا، پوری کوشش ہے کہ وہ ورلڈکپ سے قبل کلیئر ہوجائیں،سب سے بڑا چیلنج ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی ہے۔

دسمبر میں کینیا کی ٹیم کا دورہ پہلی کڑی ثابت ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق پی سی بی کے چیئرمین شہریار خان نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ سعید اجمل  اپنے بولنگ ایکشن کی اصلاح کیلیے بیحد پُرعزم ہیں،ان کا نام ورلڈکپ کے ممکنہ 30کھلاڑیوں میں بھی شامل ہے، ہماری ہر ممکن کوشش ہوگی کہ جنوری میں حتمی 15رکنی اسکواڈ کے اعلان  سے پہلے آف اسپنر کا ایکشن آئی سی سی کے مروجہ قانونی حد میں آجائے، ان کے بازو کا خم 20 ڈگری سے کم ہو چکا لیکن مزید کمی لانا بہت مشکل کام ہو گا۔ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ میرے سامنے سب سے بڑا چیلنج ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی ہے، یہ سب راتوں رات نہیں ہوسکتا۔

دسمبر میں کینیا کی ٹیم کا دورہ اس سلسلے کی پہلی کڑی ثابت ہوگا، اگلے سال سری لنکا، بنگلہ دیش اور زمبابوے کی انڈر 19 ٹیمیں آرہی ہیں، دوسرے مرحلے میں آئرلینڈ، ہالینڈ اور نیپال کے کھلاڑی بھی آئیں گے، یوں بتدریج 2015 میں پاکستان پرعالمی کرکٹ کے دروازے کھل جائیں گے، اس سلسلے میں وزیر اعظم سے بھی اجازت مانگی ہے، اگلے برس طے پاک بھارت سیریز کے بارے میں چیئرمین نے کہاکہ سری نواسن نے انھیں اس کی یقین دہانی کرائی ہے، انگلش بورڈ کے جائلز کلارک نے بھی اپنی سفارشات میں پاک بھارت مقابلوں کے انعقاد پر زور دیا تھا،ان کی اہمیت ایشز سے بھی بڑھ کر ہے، انھوں نے کہا کہ پاکستان میں امن وامان کی صورتحال دن بدن بہتر ہو رہی ہے تاہم ہم روایتی حریف سے غیر جانبدار مقام پر بھی کھیلنے کو تیار ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔