کراچی میں کورنگی کراسنگ کے قریب دھماکا، ایک شخص جاں بحق اور متعدد زخمی

ویب ڈیسک  منگل 25 نومبر 2014
دھماکا خیز مواد موٹر سائیکل میں نصب کیا گیا تھا جس میں 3 کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا، ڈی آئی جی ایسٹ  فوٹو: محمد ثاقب/ ایکسپریس

دھماکا خیز مواد موٹر سائیکل میں نصب کیا گیا تھا جس میں 3 کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا، ڈی آئی جی ایسٹ فوٹو: محمد ثاقب/ ایکسپریس

کراچی: کورنگی کراسنگ کے قریب دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی کراسنگ کے قریب موٹرسائیکل میں نصب بم دھماکے سے ایک شخص جاں بحق اور 5 زخمی ہوگئے، دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی جس کے بعد علاقے میں امدادی کارروائیاں شروع کردی گئیں ہیں جبکہ دھماکے میں جاں بحق شخص کی شناخت حبیب کے نام سے ہوئی ہے، امدادی ٹیموں نے جاں بحق و زخمی افراد کو قریبی اسپتال منتقل کردیا ہے۔

ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کے مطابق دھماکے میں پولیس کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی اور دھماکا اس وقت ہوا جب پولیس کا ٹرک ریپڈ رسپانس فورس کے اہلکاروں کو بلاول ہاؤس سے واپس ہیڈ کوارٹر لے جارہا تھا، ٹرک میں 15 اہلکار سوار تھے جو محفوظ رہے جب کہ دھماکے کے نتیجے میں موٹرسائیکل مکمل طور پر تباہ ہوگئی اور قریبی کھڑا رکشہ بھی دھماکے کی زد میں آگیا جس سے رکشے میں آگ لگ گئی جبکہ ڈی آئی جی ایسٹ منیر احمد شیخ کا کہنا تھا کہ دھماکا خیز مواد موٹر سائیکل میں نصب کیا گیا تھا جس میں 3 کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا۔

دوسری جانب ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ درندہ صفت دہشت گرد پورے کراچی شہر میں دہشت گردی کا مضبوط جال پھیلا چکے ہیں لہٰذا شہری انتہائی چوکس اور ہوشیار رہیں اور اپنی مدد آپ کے تحت اپنی حفاظت کے لئے عقل و شعور سے کام لیں۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے مطالبہ کیا کہ شہر میں امن وامان اور شہریوں کی جان ومال کے تحفظ کے لئے ہنگامی بنیادوں پر سخت حفاظتی انتظامات کئے جائیں اور اچھی شہرت کے حامل پولیس افسران اور سپاہیوں کو شہریوں کی حفاظت کے لئے معمور کیا جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔