برطانیہ میں جڑواں بھائی ایک ہی دن بچوں کے باپ بھی بن گئے

ویب ڈیسک  بدھ 26 نومبر 2014
دونوں بچوں کی پیدائش نہ صرف ایک ہی اسپتال میں بلکہ ایک ہی برتھنگ پول میں ہوئی۔

دونوں بچوں کی پیدائش نہ صرف ایک ہی اسپتال میں بلکہ ایک ہی برتھنگ پول میں ہوئی۔

لندن: بعض اوقات دنیا میں ایسے اتفاقات ہوتے ہیں کہ انسان انہیں دیکھ کر حیرت زدہ رہ جاتا ہے اورایسا ہی کچھ اتفاق ہوا برطانیہ میں جہاں ایک ہی دن پیدا ہونے والے جڑواں بھائیوں کے ہاں ایک ہی دن بچوں کی بھی پیدائش ہوئی اور دلچسپ بات یہ ہے کہ پیدا ہونے والے  دونوں بچے بھی  لڑکے ہیں۔

یہ دلچسپ اور حیرت انگیز اتفاق ہوا برطانیہ کے شہر وولورہیمپٹن کے اسپتال میں جہاں دو جڑواں بھائی جیروم اور جیرل ایک ہی دن باپ بن گئے۔ جیروم اوراس کی بیوی ٹیگان کے ہاں بچے کی ولادت ہوئی اور اس کے 2 گھنٹے بعد اس کے بھائی جیریل کو بھی بیٹے کی پیدائش کی خوشخبری سنادی گئی۔ جیروم نے  بیٹے کا نام کیمرون جب کہ جیرل نے اپنے بیٹے کا نام کیسن رکھا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ دونوں بچوں کی پیدائش نہ صرف ایک ہی اسپتال میں بلکہ ایک ہی برتھنگ پول میں ہوئی۔

جیروم کا کہنا تھا کہ وہ اپنی اہلیہ کو لے کر پہلے اسپتال پہنچا اور کچھ ہی گھنٹوں بعد کیمرون دنیا میں آگیا جس کے بعد میرے بھائی  جیرل اور فرانسیسکا کے یہاں بھی اسی ڈلیوری روم میں بچے کی پیدائش ہوئی ۔ مڈ وائف باربرا کا کہنا تھا کہ اس نے اپنی پوری پروفیشنل زندگی کے دوران اس طرح کا اتفاق نہیں دیکھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔