حکومت نے 30 نومبر کے جلسے میں رکاوٹ ڈالی تو اگلے ہفتے کی کال دے سکتے ہیں، عمران خان

ویب ڈیسک / نمائندہ ایکسپریس  منگل 25 نومبر 2014
خودغرض شخص نواز شریف اور آصف  زرداری تو بن سكتا ہے لیكن بڑا آدمی نہیں،عمران خان  فوٹو: آغا مہروز/ ایکسپریس

خودغرض شخص نواز شریف اور آصف زرداری تو بن سكتا ہے لیكن بڑا آدمی نہیں،عمران خان فوٹو: آغا مہروز/ ایکسپریس

اسلام آباد: تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ہم 105 دن سے پرامن دھرنا دے رہے ہیں لیکن اگر 30 نومبر كو حكومت نے تشدد كا راستہ اختیار کرنے كی كوشش كی تو بات انتشار كی طرف جائے گی۔

اسلام آباد میں دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ میں جب سیاست میں آیا تو مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی مجھے اپنے ساتھ ملانا چاہتی تھیں لیكن چونكہ دونوں سیاسی جماعتوں میں كرپٹ لوگ ہیں اس لئے میں ان میں شامل نہیں ہوا، اب جب میں دونوں جماعتوں کو کرپٹ کہتا ہوں تو یہ لوگ كہتے ہیں كہ عمران خان گالیاں  دیتا ہے، میں نے آج تک انہیں گالیاں نہیں دی بلکہ ان كی كرپشن بے نقاب كی ہے اور آئندہ بھی كروں گا۔ انہوں نے كہا كہ ظلم اور ناانصافی كا مقابلہ كرے بغیر ہمیں اپنے حقوق نہیں ملیں گے، سچ بولنا مشكل ہے لیكن سچ انسان كو طاقتور بنا دیتا ہے، بڑا انسان بننے كے لئے انصاف كرنے كی طاقت ہونی چاہئے جو نواز شریف اور آصف علی زرداری میں نہیں  ہے، خودغرض شخص نواز شریف اور آصف  زرداری تو بن سكتا ہے لیكن بڑا آدمی نہیں بن سكتا۔

عمران خان نے کہا کہ امریكا پاکستان کی حدود میں  حملے كرتا ہے تو حكمران ماسوائے مذمت كے كچھ بھی نہیں كرتے کیونکہ انہوں نے بھیک اور قرضون كے لئے ڈرون حملوں كی اجازت دے ركھی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم 105 دن سے پرامن انداز میں دھرنا دے رہے ہیں اگر 30 نومبر كو حكومت نے تشدد کا راستہ اختیار كرنے كی كوشش كی تو بات انتشار كی طرف جائے گی، حكومت لاكھ كوشش كرلے اور کنٹینر لگالے لیکن سونامی كا رخ تبدیل نہیں  كرسكتی، 30 نومبر كو ركاوٹیں ڈالی گئیں تو ہم اگلے ہفتے كی كال دے سكتے ہیں، حكومت جان لے كہ عوام اب جاگ چكی ہے اور ہم جب بھی كال دیں گے عوام باہر نكل آئیں گے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔