جمعہ کو پریس کانفرنس میں اہم انکشافات کروں گا، عمران خان

ویب ڈیسک  بدھ 26 نومبر 2014
محمد زبیر نجکاری بورڈ کی سربراہی کے عوض اپنا ضمیر بیچ بیٹھے ہیں، عمران خان فوٹو: فائل

محمد زبیر نجکاری بورڈ کی سربراہی کے عوض اپنا ضمیر بیچ بیٹھے ہیں، عمران خان فوٹو: فائل

لاہور / اسلام آباد: تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے کہا ہے کہ عام انتخابات میں دھاندلی کے ثبوت میرے پاس ہیں جس کے حوالے سے جمعہ کو پریس کانفرنس میں اہم انکشافات کروں گا اور بتاؤں گا کہ دھاندلی کیسے ہوئی۔

اسلام آباد میں دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ اگر ہم یہاں نہ آتے اور اصل اپوزیشن کا کردار ادا نہ کرتے تو مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی بار بار باریاں لیتی رہتیں، دھرنے کی وجہ سے حكمرانوں  كے اصل چہرے سامنے آ گئے ہيں، نواز شریف اور آصف زرداری کے درمیان مک مکا ہے کہ نیب کا سربراہ کسی کو نہیں پکڑے گا، اگر آصف زرداری کے كروڑوں ڈالر باہر ہيں تو نواز شريف واپس كيوں نہيں لاتے، دونوں كرپٹ ہيں اور اب اپنے بچوں كو بارياں  لينے كے لئے تيار كر رہے ہيں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے ايک درباری نے جہانگير ترين كے خلاف بيان ديا، جہانگير ترين تو وہ ہے جس نے 2009 ميں اسمبلی ميں كھڑے ہو كر كہا كہ ميں اثاثے ظاہر كر رہا ہوں ان كے سوا كسی نے اثاثے ظاہر نہيں  كئے، جہانگير ترين كی شوگر مل ديكھيں اور حکمرانوں کی ديكھ ليں ٹيكس سے فرق ظاہر ہو جائے گا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کے حلقے سے 31 ہزار ووٹوں میں سے 8 ہزار ووٹ صحیح نکلے باقی تمام فراڈ تھے، وہ کب تک حکم امتناعی کے پیچھے چھپے رہیں گے، میں ان کا انتظار کروں گا اور سڑکوں پر نکلوں گا۔ انہوں نے کہا کہ 30 نومبر کا دن فیصلہ کن ہوگا کیونکہ اس دن حکومت ہمیں روکے گی اور میچ بڑا مزیدار ہوگا اور 30 نومبر کو دھرنا ختم نہیں بلکہ آگے بڑھے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ عام انتخابات میں دھاندلی کے ثبوت میرے پاس ہیں، جمعہ کو پریس کانفرنس میں اہم انکشافات کروں گا اور بتاؤں گا کہ دھاندلی کیسے ہوئی۔

اس سے قبل لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جہانگیر ترین کے ٹیکسز کی بات کرنے سے پہلے شریف خاندان بتائے انہوں نے اپنی شوگر ملز پر اب تک کتنا ٹیکس دیا ہے، نوازشریف اور ان کے اہل خانہ نے ملک پر ڈاکے ڈالے ہوئے ہیں، اب وہ حکمرانوں کے پول بھی کھولیں گے کہ کس طرح سرکاری وسائل بے دریغ استعمال کرتے ہیں، شریف خاندان سرکاری وسائل پر پہلے دھاندلی کرتے ہیں اور اگر کوئی اپنے حقوق کے لئے آواز بلند کرے تو اسے جیل بھجوا دیتے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ محمد زبیر تحریک انصاف کے رہنما اسدعمرکے بھائی ہیں، ان کا تعلق اچھےخاندان سے ہے، انہیں تحریک انصاف کے رہنماؤں پر الزام نہیں لگانے چاہئے تھے، وہ نجکاری بورڈ کی چیرمین شپ کے عوض اپنا ضمیر بیچ بیٹھے ہیں، وہ ان کے بیان کی مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت چاہے کچھ بھی کرلے، عوام 30 نومبر کو اسلام آباد پہنچیں گےاور اگرانہیں روکنے کی کوشش کی تو نتائج کی ذمہ دار حکومت خود ہوگی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔