تھائی لینڈ میں کھانے کا ذائقہ بتانے کے لئے الیکٹرانک زبان تیار کر لی گئی

ویب ڈیسک  جمعرات 27 نومبر 2014
یہ الیکٹرانک زبان کھانوں کو چکھ کر بتائے گی کہ کھانا کتنا معیاری اور روائتی تھائی  ترکیب کے مطابق بنایا گیا ہے فوٹو:فائل

یہ الیکٹرانک زبان کھانوں کو چکھ کر بتائے گی کہ کھانا کتنا معیاری اور روائتی تھائی ترکیب کے مطابق بنایا گیا ہے فوٹو:فائل

بنکاک: لیجئے جناب اب آپ کو تھائی کھانے کے ذائقہ  اور بد ذائقہ ہونے  یا اس کا معیار چیک کرنے کے لیے اپنی زبان کو تکلیف دینے کی ضرورت نہیں بلکہ اب تھائی لینڈ میں تیار کر لی گئی ہے ایک الیکٹرانک زبان جو چند سیکنڈ میں بتاد ے گی کہ کھانا کتنا مزے دار اور معیاری ہے۔

یہ الیکٹرانک زبان کھانوں کا ذائقہ چکھ کر بتائے گی کھانا کتنا معیاری  اور روائتی تھائی  تراکیب کے مطابق بنایا گیا ہے۔ اس مشین کے موجد کرٹ چونگسرڈ  کا کہنا ہے کہ مشین کے باعث بیرون ممالک  تھائی کھانوں کا معیار بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ اس مشین میں انسانی زبان اورناک کی طرز پر چکھنے اوربو سونگھنے  والے سینسر لگائے گئے ہیں، جب اس میں کوئی ڈش ڈالی جائے گی تومشین ان اجزا کی نشان دہی کرے گی جوروائتی ڈش میں استعمال نہیں ہوتے ۔ مشین کے موجد کا دعویٰ ہے کہ ویتنامی، برمی اور مغربی دنیا میں کئی لوگ تھائی ڈشز تیار کرتے ہیں لیکن اکثر نہیں جانتے کہ وہ کون سی ڈش تیار کر رہے ہیں، اس مشین کی قیمت 70 ہزار ڈالر ہے، ظاہر ہے اگر ذائقہ چاہیے تو پھر اتنی قربانی  تو دینا ہی پڑے گی۔

یہ روبوٹک ٹیسٹنگ مشین سابق تھائی وزیراعظم  کی خواہش پر بنائی گئی ہے جس میں انہوں نے اس خیال کا اظہار کیا تھا کہ انہیں ایسا لگتا ہے کہ دنیا بھر میں تھائی ڈشز کے نام  پر تیار کئے جانے  والے کھانے اتنے معیاری نہیں جتنے تھائی لینڈ میں ملتے ہیں جب کہ اس حوالے سے تھائی عوام کا  کہنا ہے کہ بیرون ملک شیف تھائی کھانوں میں استعمال کئے جانے والے کئی اجزاسے واقف ہی نہیں ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔