بنگال ٹائیگرز کمزور زمبابوین ٹیم کو کچا چبا گئے

اے ایف پی  جمعرات 27 نومبر 2014
تیسرے ون ڈے میں 124 رنز کی فتح، سیریز بھی جیت لی، انعم الحق 95 پر رخصت۔  فوٹو : اے ایف پی

تیسرے ون ڈے میں 124 رنز کی فتح، سیریز بھی جیت لی، انعم الحق 95 پر رخصت۔ فوٹو : اے ایف پی

ڈھاکا: بنگال ٹائیگرز کمزور زمبابوین ٹیم کو کچا چبا گئے، میزبان نے تیسرے ون ڈے میں 124 رنز کی فتح کے ساتھ پانچ میچز کی سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کر لی۔

اوپنر انعم الحق نے95 کی اننگز کھیلی، عرفات سنی نے27 رنز کے عوض 4 وکٹیں لیں، باقی 2 میچز28 نومبر اور یکم دسمبر کو شیڈول ہیں۔تفصیلات کے مطابق تیسرے ون ڈے میں مہمان ٹیم کیلیے ٹاس جیت کربولنگ کا فیصلہ سودمند نہیں رہا، میزبان ٹائیگرز نے6 وکٹ پر 297 رنز اسکور بورڈ پر سجادیے، انعم الحق (95) اور تمیم اقبال (40) نے 121 رنزکا آغاز فراہم کیا، انعم نے 120 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 9 چوکے جڑے، شکیب الحسن نے 33 گیندوں پر 40 رنز بٹورے، کپتان مشفیق الرحیم بھی22 بالز پر 33 رنزبنانے میں کامیاب رہے۔

ان کی شکیب الحسن کے ساتھ چوتھی وکٹ کے لیے محض8 اوورزمیں72رنزکی شراکت بنی، محمود اللہ 33 پر ناٹ آؤٹ رہے، صابر رحمن 13 گیندوں پر22 رنزبناکرمیدان بدرہوئے، میزبان سائیڈ نے اختتامی10اوورز میں 103رنز اسکورکیے، زمبابوین ٹیم جوابی اننگز میں39.5 اوورز میں 173 رنزپرہمت ہارگئی، مشرفی نے ابتدائی اسپیل میں 2 وکٹیں لیں، اس کے بعد عرفات سنی مہمان بیٹسمینوں کے لیے وبال جان بنے رہے، انھوں نے 27رنز کے عوض4 شکارکیے، ایلٹن چگمبرا نے 53 رنز ناٹ آؤٹ بناکر مزاحمت کی، برینڈن ٹیلر28رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔