بلاول بھٹو زرداری کا لاہورمیں پارٹی کے یوم تاسیس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ

ویب ڈیسک  جمعرات 27 نومبر 2014
 بلاول بھٹو کی عدم موجودگی کی صورت میں پارٹی کے شریک چیرمین آصف  زرداری کو شرکت کی دعوت دی جائے گی،منظوروٹو۔ فوٹو: فائل

بلاول بھٹو کی عدم موجودگی کی صورت میں پارٹی کے شریک چیرمین آصف زرداری کو شرکت کی دعوت دی جائے گی،منظوروٹو۔ فوٹو: فائل

لاہور: چیرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے 30 نومبر کو پارٹی کے یوم تاسیس کے سلسلے میں منعقدہ  جلسے میں نہ آنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پیپلزپارٹی نے یوم تاسیس کے موقع پر لاہور میں بھرپور سیاسی قوت کے مظاہرے کا اعلان کیا تھا تاہم پارٹی چیرمین بلاول بھٹو زرداری جلسے میں شرکت نہیں کریں گے جس کے بعد جلسے کی تیاریاں دھری کی دھری رہ گئیں۔

پیپلزپارٹی پنجاب کے صدر میاں منظور وٹو کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کے جلسے میں شرکت نہ کرنے کے فیصلے سے مایوسی ہوئی تاہم چاہے کچھ بھی ہوجائے 30 نومبر کو لاہور میں یوم تاسیس کا جلسہ ہوگا اور بلاول بھٹو کی عدم موجودگی کی صورت میں پارٹی کے شریک چیرمین آصف  زرداری کو شرکت کی دعوت دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جلسے کی تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں اگر آصف زرداری نے بھی جلسے میں شرکت سے معذرت کی تو پارٹی کی مقامی قیادت جلسے کا انعقاد کرے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔