حکومت سندھ کے تعصب پرمبنی فیصلوں سے عوام میں اشتعال پایا جاتا ہے، بابرغوری

ویب ڈیسک  جمعرات 27 نومبر 2014
حیدرآباد اور خیرپور یونیورسٹی سے متعلق پیر مظہر الحق کا بیان تعصب پر مبنی ہے، سینیٹر بابرغوری، فوٹو:ایکسپریس/ محمد نعمان

حیدرآباد اور خیرپور یونیورسٹی سے متعلق پیر مظہر الحق کا بیان تعصب پر مبنی ہے، سینیٹر بابرغوری، فوٹو:ایکسپریس/ محمد نعمان

کراچی: ایم کیوایم کے رہنما سینیٹر بابر غوری کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی نے سندھ کی شہری آبادی کے مسائل حل کرنے میں ہمیشہ رکاوٹیں ڈالی ہیں اور شہری آبادی کو وسائل نہ دینا انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔

کراچی میں ایم کیوایم کےمرکز نائن زیرو پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے سینیٹر بابر غوری نے کہا کہ سندھ میں تعصب پر مبنی فیصلوں سے عوام میں اشتعال پایا جاتا ہے، صوبے کے عوام کو حقوق نہیں دیئے جارہے ،سندھ میں نفرتوں کی سیاست بند ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں ملازمتوں کے لیے شہری آبادی کو بھی حق دیا جائے، شہری آبادی کو وسائل نہ دینا انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے، سندھ کے لوگ صوبائی حکومت کو کبھی معاف نہیں کریں گے۔

بابر غوری کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ شہری آبادی کے مسائل حل کرنے میں رکاوٹیں ڈالی ہیں، سندھ حکومت بادشاہت کےانداز میں چلائی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد اور خیرپور یونیورسٹی سے متعلق پیر مظہر الحق کا بیان تعصب پر مبنی ہے، پیپلزپارٹی وضاحت کرے کہ کیا اس طرح کا بیان پارٹی پالیسی کا حصہ ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔