ناظم آباد میں ڈاکوؤں نے نجی بینک سے 60 لاکھ روپے لوٹ لیے

اسٹاف رپورٹر  جمعـء 28 نومبر 2014
 پولیس نے بینک میں تعینات سیکیورٹی گارڈ کو شامل تفتیش کرکے حراست میں لے لیا ہے، سی سی ٹی وی فوٹیج سے ملزمان کی شناخت جاری ہے۔ فوٹو: ایکسپریس

پولیس نے بینک میں تعینات سیکیورٹی گارڈ کو شامل تفتیش کرکے حراست میں لے لیا ہے، سی سی ٹی وی فوٹیج سے ملزمان کی شناخت جاری ہے۔ فوٹو: ایکسپریس

کراچی: ناظم آباد انکوائری آفس کے قریب سونیری بینک سے5 ڈاکو60 لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہوگئے، پولیس نے بینک میں لگے خفیہ کیمروں کی فوٹیج حاصل کرلی۔

تفصیلات کے مطابق ناظم آباد نمبر 2 انکوائری آفس کے قریب سونیری بینک کی برانچ سے5 مسلح ڈاکو 60 لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہو گئے، ڈکیتی کی اطلاع پر گلبہار پولیس اوراسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ کی ٹیم پہنچی پولیس فارنسک لیبارٹری سے فنگر ایکسپرٹ کو طلب کرلیا، تفتیشی پولیس نے عینی شاہدین اور بینک کے عملے سے ڈکیتی کی تفصیل معلوم کی، پولیس نے بینک میں لگے خفیہ کیمروں سے بننے والی ملزمان کی فوٹیج حاصل کرلی ہے۔

ایس ایچ او گلبہار انسپکٹر عارف رزاق نے بتایا کہ عینی شاہدین نے بتایا کہ ڈاکوؤں کی تعداد 6 تھی جو ڈیڑھ بجے 3 موٹر سائیکلوں پر سوار ہوکر آئے تھے،5 ملزمان بینک میں داخل ہوئے جبکہ ایک بینک کے باہر پہرا دے رہا تھا، ڈاکوؤں نے بینک میں داخل ہوکر سیکیورٹی گارڈ اسلحہ رپیٹر چھین لیا اور پھر بینک کے عملے کو یرغمال بناکر کیش کاؤنٹر اور اسٹرانگ روم سے 60 لاکھ روپے لوٹ لیے، لوٹی جانیوالی رقم میں غیر ملکی کرنسی بھی شامل ہے۔

ڈاکوؤں نے فرار ہونے سے قبل سیکیورٹی گارڈ اور عملے کو ایک کمرے میں بند کردیا، ڈاکو گارڈ سے چھینا گیا رپیٹر بینک کے باہر پھینک کر فرارہوئے، پولیس نے بینک میں تعینات سیکیورٹی گارڈ کو شامل تفتیش کرکے حراست میں لے لیا ہے، سی سی ٹی وی فوٹیج سے ملزمان کی شناخت جاری ہے، گلبہار پولیس نے بینک منیجر اسلم یعقوب کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے تفتیش ایس آئی یو کے سپرد کردی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔