شارجہ ٹیسٹ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف رنز کا پہاڑ کھڑا کردیا

ویب ڈیسک  ہفتہ 29 نومبر 2014

شارجہ میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلے جانے والے ٹیسٹ کے تیسرے روز نیوزی لینڈ نے 8 وکٹوں کے نقصان پر 637 رنز بنالیے جس کے بعد کیویز کو گرین شرٹس پر پہلی اننگز میں 286 رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹیسٹ سیریز کے آخری میچ کے تیسرے روز نیوزی لینڈ  کی جانب سے برینڈن مکلم اور کین ولیمسن نے 249 رنز ایک وکٹ پر اپنی اننگز کا دوبارہ آغاز کیا تو برینڈن مکلم 153 اور ولیمسن 76 رنز پر کھیل رہے تھے، دونوں کھلاڑیوں نے پاکستانی بالرز کی ایک نہ چلنے دی اور میدان کے چاروں طرف اسٹروکس کھیلے، دونوں کھلاڑیوں نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 297 رنز کا اضافہ کیا، اسی دوران مکلم نے شاندار ڈبل سنچری اور ولیمسن نے سنچری اسکور کی۔

مکلم 202 رنز بناکر یاسر شاہ کے ہاتھوں  میدان بدر ہوئے لیکن ولیمسن کے بلے سے رنز اگلنے کا سلسلہ جاری رہا انہوں نے روز ٹیلر کے ہمراہ 116 اور پھر کورے اینڈرسن کے ساتھ 24 رنز کی شراکت قائم کی تاہم وہ ڈبل سنچری کا سنگ میل عبور نہ کرسکے اور 192 رنز پر راحت علی کا شکار ہوئے، اسی دوران روز ٹیلر بھی نصف سنچری اسکور کرنے کے بعد آؤٹ ہوچکے تھے۔

اینڈرسن نے پہلے ویٹوری اور پھر واٹلنگ کے ہمراہ اسکور کو آگے بڑھانے کا سلسلہ جاری رکھا اور شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے اپنے ٹیسٹ کیرئیر میں ایک اور نصف سنچری کا اضافہ کیا۔ اینڈرسن کے بعد مارک کریگ نے پاکستان کو رنز کے انبار تلے دبانے کا بیڑا اٹھایا اور پہلے واٹلنگ اور پھر ٹم ساؤتھی کے ہمراہ شراکت داریاں قائم کیں، ٹم ساؤتھی 50 رنز بناکر آؤٹ ہوئے تو نیوزی لینڈ کا اسکور8 وکٹوں کے نقصان پر 637 رنز ہوچکا تھا۔ کھیل کا اختتام ہونے تک کیویز کی پاکستان کے خلاف پہلی اننگز میں برتری 286 رنز ہوچکی ہے جبکہ اس کے ابھی 2 کھلاڑی باقی ہیں اور مارک کریگ 34 رنز پر کریز پر موجود ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔