دھرتی کو دہشت گردوں کے ناپاک وجود سے پاک کرنے کا وقت آ پہنچا، شہبازشریف

ویب ڈیسک  جمعرات 18 دسمبر 2014
پشاور میں پیش آنے والے دہشت گردی کے بدترین واقعہ پر ہر آنکھ اشکبار ہے،  شہبازشریف فوٹو: فائل

پشاور میں پیش آنے والے دہشت گردی کے بدترین واقعہ پر ہر آنکھ اشکبار ہے، شہبازشریف فوٹو: فائل

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کا کہنا ہے کہ وطن عزیز کو دہشت گردوں کے ناپاک وجود سے پاک کرنے کا وقت آ پہنچا ہے۔

ایوان وزیر اعلیٰ لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی زیرصدارت صوبے میں امن و امان سے متعلق اجلاس ہوا جس میں صوبے میں امن عامہ کی مجموعی صورتحال اور تعلیمی اداروں میں فول پروف سکیورٹی انتظامات کرنے کے حوالے سے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران سانحہ پشاورمیں شہید ہونے والے معصوم بچوں اور اساتذہ کے درجات کی بلندی کے لئے خصوصی دعا کی گئی ،اجلاس میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سربراہان نے بھی شرکت کی جب کہ سیکرٹری داخلہ اور انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب نے وزیر اعلیٰ پنجاب کو امن وامان کی صورت حال کے حوالے سے بریفنگ دی۔

اس موقع پر شہبازشریف کا کہنا تھا کہ پشاور میں پیش آنے والے دہشت گردی کے بدترین واقعے پر ہر آنکھ اشکبار ہے، سفاک درندے اور ان کے سرپرست عبرتناک سزا کے مستحق ہیں، ملک کے 18 کروڑ عوام دہشت گردوں کا سر کچلنے کے لئے پرعزم ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دھرتی کو دہشت گردوں کے ناپاک وجود سے پاک کرنے کا وقت آ پہنچا ہے، صوبائی حکومت نے عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے پہلے بھی وسائل فراہم کئے  اور آئندہ بھی دیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔