زرمبادلہ ذخائر 5 ماہ بعد 14 ارب ڈالر کی حد عبور کرگئے

بزنس رپورٹر  جمعـء 19 دسمبر 2014
ایک ہفتے کے دوران اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ذخائر 14کروڑ 40 لاکھ ڈالر کے اضافے سے 9 ارب 34 کروڑ 65 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئے۔ فوٹو: فائل

ایک ہفتے کے دوران اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ذخائر 14کروڑ 40 لاکھ ڈالر کے اضافے سے 9 ارب 34 کروڑ 65 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئے۔ فوٹو: فائل

کراچی: پاکستان کے غیرملکی زرمبادلہ ذخائر14ارب ڈالر کی حد عبور کرگئے۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق 12دسمبر کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران زرمبادلہ کے ذخائر کی مجموعی مالیت میں 12کروڑ ڈالر کا اضافہ ہوا، 5دسمبر کو مجموعی زرمبادلہ ذخائر کی مالیت 13ارب 92کروڑ 24 لاکھ ڈالر تھی جو 12دسمبر کو بڑھ کر 14ارب 4کروڑ 24لاکھ ڈالر تک پہنچ گئی، ایک ہفتے کے دوران اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ذخائر 14کروڑ 40 لاکھ ڈالر کے اضافے سے 9 ارب 34 کروڑ 65 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئے۔

کمرشل بینکوں کے ذخائر 4 ارب 71کروڑ 93لاکھ ڈالر کے مقابلے میں 4ارب 69کروڑ 59 لاکھ ڈالر کی سطح پر آگئے، گزشتہ ہفتے کے دوران اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو ملٹی لٹرل اور بائی لٹرل ذرائع سے 7کروڑ 30لاکھ ڈالر موصول ہوئے۔ یاد رہے کہ پاکستان کے غیرملکی زرمبادلہ ذخائر نے 5 ماہ بعد 14ارب ڈالر کی سطح عبور کی ہے، اس سے قبل زرمبادلہ ذخائر کی مالیت جولائی 2014 میں 14ارب 30کروڑ 45لاکھ ڈالر ریکارڈ کی گئی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔