ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال ڈی آئی خان میں ڈاکٹرز کی غفلت کے باعث 4 بچے جاں بحق

ویب ڈیسک  جمعـء 19 دسمبر 2014
ایک ماہ قبل بھی ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال میں ڈاکٹرز کی کمی اور انتظامیہ کی غفلت کے باعث 5 بچے جاں بحق ہو گئے تھے. فوٹو؛ فائل

ایک ماہ قبل بھی ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال میں ڈاکٹرز کی کمی اور انتظامیہ کی غفلت کے باعث 5 بچے جاں بحق ہو گئے تھے. فوٹو؛ فائل

ڈیرہ اسماعیل خان: ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال میں ڈاکٹرز اور انتظامیہ کی غفلت کے باعث 4 بچے موت کی آغوش میں چلے گئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال ڈیرہ اسماعیل خان کے زنانہ وارڈ میں طبی عملہ نہ ہونے کے باعث 4 بچے دم توڑ گئے جس کے بعد لواحقین نے اسپتال میں توڑ پھوڑ شروع کردی اور اسپتال کے باہر احتجاج کیا۔ متاثرہ خاندانوں کا کہنا ہے کہ رات میں ڈاکٹر نہ ہونے کی وجہ سے یہ بچے جاں بحق ہوئے ہیں، ہم نے انتظامیہ سے ایم ایس بلانے کا کہا تو ان کا کہنا تھا کہ رات میں سردی زیادہ ہے اسلئے ایم ایس نہیں آسکتے۔ جاں بحق ہونے والے بچوں کی عمریں ایک سے 3 ماہ کے درمیان ہیں۔ دوسری جانب ایم ایس کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت سے بارہا ڈاکٹرز کی کمی کو پورا کرنے کا کہا ہے لیکن کوئی شنوائی نہیں ہوتی، واقعے کی تحقیقات کے لئے کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔

واضح رہے کہ ایک ماہ قبل بھی ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال میں ڈاکٹرز کی کمی اور انتظامیہ کی غفلت کے باعث 5 بچے جاں بحق ہو گئے تھے اور اس وقت بھی ایم ایس نے ایک کمیٹی بنائی تھی تاہم کسی کے خلاف کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔