ڈاکٹر کی جھنجھٹ سے نجات؛ صرف لمحوں میں اپنی صحت سے متعلق اہم معلومات حاصل کریں

ویب ڈیسک  جمعـء 19 دسمبر 2014
جدید ٹیکنالوجی کے حامل پانچ آلات اپنی خصوصیات کے لحاظ سے زیادہ اہم ہیں،

 فوٹو فائل

جدید ٹیکنالوجی کے حامل پانچ آلات اپنی خصوصیات کے لحاظ سے زیادہ اہم ہیں، فوٹو فائل

نیویارک: یوں تو جدید ٹیکنالوجی نے پہلے ہی انسانی زندگی کے شب وروز کو ڈیجیٹل سائنس سے جوڑ دیا ہے لیکن سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ اب نئے سال کے آغاز پر ایسے آلات بھی مارکیٹ میں آنے کے لیے تیار ہیں جو لوگوں کو ان کی صحت سے متعلق آگاہی فراہم کریں گے جس کے ذریعے لوگ اپنی صحت کے بارے میں باآسانی پتا لگا سکیں گے۔

ڈیجیٹل ہیلتھ پر کام کرنے والی کمپنی اسٹارٹ اپ کا کہنا ہے کہ یوں تو بہت سے ایسے آلات متعارف کرائے جائیں گے جو آپ کو لمحوں میں آپ کی صحت سے متعلق معلومات فراہم کریں گے تاہم اس سلسلے میں پانچ آلات اپنی خصوصیات کے لحاظ سے زیادہ اہم ہیں، آئیے ان پر ایک نظر ڈالتے ہیں۔

کان پر پہنا جانے والا آلہ: یہ آلہ بہت ہی موثر ہے اوراسے آسانی سے استعمال کیا جاسکتا ہے جبکہ یہ انسانی صحت سے تعلق رکھنے والے عوامل بلڈ پریشر، سانس کی رفتاراور جسم میں آکسیجن کی موجودگی کے بارے میں مکمل اور اہم معلومات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ دل کی حرکت کی پیچیدہ معلومات سے بھی آگاہی فراہم کرتا ہے۔ کان پر پہنے جانے والا سینسو ٹریک ایک ایسا آلہ ہے جو 2015 کے اوائل میں دستیاب ہوگا اور بآسانی کان کے گرد لگایا جاسکتا ہے جبکہ اس کی ایک اہم خصوصیت یہ بھی ہے کہ یہ کھانے کی عادات کا پتا لگائے گا اور صحت کی بہتری کے لیے کھائے جانے والے کھانوں کی بھی جانکاری دے گا۔

پسینے کی جانچ سے صحت کی معلومات دینے والے آلات: الیکٹروزائم نامی آلہ ایک ایسی جدید پٹی ہے جو آپ کے پہنے ہوئے کسی بھی ڈیجیٹل آلے پرآسانی سے لگائی جاسکتی ہے اور یہ آپ کے پسینے میں موجود مرکب کی جانچ سے جسم کے الیکٹرو لائٹ توازن، ہائیڈروجن لیول، مسل کی پوزیشن اورفزیکل کارگردگی  کے بارے میں آگاہ کرے گی۔ الیکٹرو زائم میں موجود کیمیکل تجزیے سے اس میں لگے بائیو سینسرز جسم کے میٹا بولزم  کے بارے میں انتہائی اہم معلومات فراہم کرتے ہیں جبکہ اس کی ایک اہم خصوصیت یہ  ہے کہ یہ آلہ آپ کو بتاتا ہے کہ کب آپ کے جسم کو پانی کی ضرورت ہے۔

اسمارٹ فون کا کور: آپ کے اسمارٹ فون کا کور اسے محفوظ رکھتا ہے لیکن کیا اچھا ہو کہ ایک تیر سے دو شکار ہوجائیں یعنی فون کی حفاظت بھی اور صحت کا خیال بھی۔ اسی لیے اب 2015 میں ایسے فون کور متعارف کرائے جانے کے لیے تیار ہیں جس کے ہوتے ہوئے کسی طبی آلے کی ضرورت نہیں یہ اسمارٹ کور فون کی حفاظت کے ساتھ ساتھ آپ کو صحت سے متعلق بھی اہم معلومات دیں گے۔ ایگزیل ایکسچینج نامی آلے کے بانی جوائن روڈ کا کہنا ہے کہ موبائل فون کا یہ کور الکیٹرو کارڈیوگرام کا کام کرے گا جو آپ کے خون میں موجود گلوکوز سے آگاہ کرے گا اور ’الیوکور‘ ایسا موبائل کور ہوگا جس کی مدد سے آسانی سے ای سی جی اور دل کی رفتار کو معلوم کیا جاسکتا ہے، آپ  اس آلے کو اپنی انگلی یا سینے پر رکھ کر اپنی دل کی کیفیت سے آگاہ ہوسکتے ہیں۔

نسخہ تجویز کرنے والا ایپ: اس طرح کے ایپس پہلے بھی متعارف کرائے گئے ہیں لیکن نئی خوبیوں کے ساتھ 2015 میں یہ اپیس آپ کے موبائل فون میں موجود ہیں۔ بلیو اسٹار ایپ موبائل پریسکرپشن تھراپی کے سلسلے میں پہلا ایپ ہے جوشوگر کے مریضوں کے لیے انتہائی کارآمد ہے اس ایپ میں آپ اپنے گلکوز لیول، خوراک، ورزش اور دیگر عوامل کا ڈیٹا انٹر کریں جس کا بلیو اسٹار خود بخود تجزیہ کرے گا اور فور ی طور پر مریض کو نسخہ تجویز کردے گا، یہ آلہ مریض کی تمام معلومات کا مکمل تجزیہ کر کے اسے آپ کے ڈاکٹر کو بھی فراہم کرسکتا ہے جسے آپ فزیشن سے ملاقات کے دوران استعمال کر سکتے ہیں۔

صحت مند روشنیاں:  سوتے وقت موبائل فون یا آئی پیڈ کو دیکھتے وقت  نیلے رنگ کی روشنی کا اخراج آپ کی صحت کے لیے نقصان دہ ہے کیونکہ اس سے بننے والے روشنی اسپیکٹرم جسم کے اندر بڑی تبدیلیوں کا باعث بنتے ہیں جو آپ کی نیند میں خلل پیدا کرتے ہیں۔ نیلی روشنی کے اخراج کو کم کرنے والے بلب تیار کرنے والے کیمرون پوسٹل ویٹ کا کہنا ہے کہ 2015 میں تیار کیے جانے والے آلات میں اس بات پرتوجہ دی جار ہی ہے کہ مصنوعی روشنی کے نقصانات کو کم سے کم کیا جائے اس لیے کوشش کی جارہی ہے روشنی دینے والے آلات میں نیلی روشنی کو کم کیا جائے جبکہ رات میں سفید روشنی کے نقصانات پر بھی قابو پانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ سن سپرائٹ نامی ہاتھ کی کلائی پر پہنا جانے والا آلہ ہے جو سورج کی روشنی کو جمع کرلیتا ہے اور رات میں روشنی فراہم کرسکتا ہے جس سے روشنی کے مضر اثرات سے بچا جاسکتا ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔