حصص مارکیٹ، 31000 پوائنٹس کی نفسیاتی حد بحال

بزنس رپورٹر  ہفتہ 20 دسمبر 2014
عالمی سطح پر حصص کی تجارت میں مندی غالب رہی لیکن اقتصادی محاز پرمثبت اطلاعات اور سیاسی صورتحال بہتر ہونے کی وجہ سے مقامی مارکیٹ پر اس کے منفی اثرات مرتب نہ ہوسکے۔  فوٹو: اے ایف پی/فائل

عالمی سطح پر حصص کی تجارت میں مندی غالب رہی لیکن اقتصادی محاز پرمثبت اطلاعات اور سیاسی صورتحال بہتر ہونے کی وجہ سے مقامی مارکیٹ پر اس کے منفی اثرات مرتب نہ ہوسکے۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

کراچی: سیاسی افق پر حالات میں بہتری اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کی جانب سے پاکستان کے قرضے کی قسط جاری ہونے کی خبروں کے باعث کراچی اسٹاک ایکس چینج میں جمعہ کواتارچڑھاؤ کے باوجود تیزی کا تسلسل قائم رہا جس سے انڈیکس کی31000 پوائنٹس کی نفسیاتی حد بحال ہوگئی، 47.25 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں مزید 42 ارب45 کروڑ 30 لاکھ96 ہزار451 روپے کا اضافہ ہوگیا۔

ماہرین اسٹاک کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر حصص کی تجارت میں مندی غالب رہی لیکن اقتصادی محاز پرمثبت اطلاعات اور سیاسی صورتحال بہتر ہونے کی وجہ سے مقامی مارکیٹ پر اس کے منفی اثرات مرتب نہ ہوسکے، کاروباری دورانیے میں ایک موقع پر70 پوائنٹس کی مندی بھی رونما ہوئی لیکن شعبہ مواصلات، سیمنٹ، بینکنگ ودیگر کثیرقومی کمپنیوں میں سرمایہ کاری کی وجہ سے مندی تیزی میں تبدیل ہوئی۔

ٹریڈنگ کے دوران مقامی کمپنیوں، بینکوں و مالیاتی اداروں، این بی ایف سیزاور انفرادی سرمایہ کاروں کی جانب سے مجموعی طور پر43 لاکھ89 ہزار363 ڈالر مالیت کے سرمائے کا انخلا کیا گیا جبکہ اس دوران غیرملکیوں کی جانب سے1 لاکھ58 ہزار812 ڈالر، میوچل فنڈز کی جانب سے1 لاکھ85 ہزار145 ڈالر اور دیگر آرگنائزیشنز کی جانب سے40 لاکھ 45 ہزار406 ڈالر مالیت کی تازہ سرمایہ کاری کی گئی جس سے مارکیٹ کا مورال کی تیزی کی جانب گامزن ہوا۔

کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس183.70 پوائنٹس کے اضافے سے 31011.15 ہوگیا جبکہ کے ایس ای30 انڈیکس 145.37 پوائنٹس کے اضافے سے20037.53 اور کے ایم آئی30 انڈیکس 423.65 پوائنٹس کے اضافے سے49795.59 ہو گیا، کاروباری حجم جمعرات کی نسبت 27.51 فیصد کم رہا اور مجموعی طور پر14 کروڑ14 لاکھ74 ہزار210 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار364 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں 172 کے بھاؤ میں اضافہ، 173 کے داموں میں کمی اور19 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

جن کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ان میں نیسلے پاکستان کے بھاؤ100 روپے بڑھ کر8500 روپے اور کولگیٹ پامولیو کے بھاؤ 89.80 روپے بڑھ کر 1885.91 روپے ہوگئے جبکہ ایکسائیڈ پاکستان کے بھاؤ 83 روپے کم ہوکر1967 روپے اور باٹا پاکستان کے بھاؤ 49 روپے کم ہو کر 3311 روپے ہوگئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔