اگلے مورچوں پر تعینات جوانوں کے حوصلے آسمان سے بھی بلند ہیں، سربراہ پاک فوج

ویب ڈیسک  ہفتہ 20 دسمبر 2014
آرمی چیف نے ایس ایس جیز کمانڈوز سے ملاقات کی اور ان کے حوصلے کو سراہا۔ فوٹو؛ آئی ایس پی آر

آرمی چیف نے ایس ایس جیز کمانڈوز سے ملاقات کی اور ان کے حوصلے کو سراہا۔ فوٹو؛ آئی ایس پی آر

راولپنڈی: پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف کا کہنا ہےکہ ملک میں آخری دہشت گرد کے خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا جب کہ اگلے مورچوں پر تعینات جوانوں کے حوصلے آسمان سے بھی بلند ہیں۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے خیبرایجنسی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ایس ایس جیز کمانڈور سے ملاقات کی جب کہ اس موقع پر دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ آرمی چیف کو آپریشن سے متعلق بریفنگ میں بتایا گیا کہ خیبرایجنسی میں سکیورٹی فورسز کی فضائی کارروائیوں میں 57 دہشت گرد مارے گئے ہیں اور گزشتہ 2 روز کے دوران زمینی کارروائیوں میں 62 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔

سربراہ پاک فوج جنرل راحیل شریف نے دورے کے موقع پر آپریشن میں شریک فوجی جوانوں سے ملاقات کرکے ان کے جذبے کو بھی سراہا جب کہ اس موقع پر جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ دہشت گرد جہاں بھی ہوئے ان کے خلاف کارروائی جاری رہے گی،  دہشتگردوں کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے اور ملک میں آخری دہشت گرد کے خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔