پاکستان اے نے کینیا کو آخری میچ میں شکست دے کر سیریز کلین سوئپ کر لی

ویب ڈیسک  ہفتہ 20 دسمبر 2014
پاکستان اے کی جانب سے صیاءالحق نے 4 جب کہ میر حمزہ، احمد جمال اور سعید اجمل نے 2،2 وکٹ حاصل کئے۔ فوٹو؛ ایکسپریس

پاکستان اے کی جانب سے صیاءالحق نے 4 جب کہ میر حمزہ، احمد جمال اور سعید اجمل نے 2،2 وکٹ حاصل کئے۔ فوٹو؛ ایکسپریس

لاہور: پاکستان اے نے پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے آخری میچ میں کینیا کو 108 رنز سے شکست دے کر سیریز میں وائٹ واش کردیا ہے۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان اے کے بلے باز آخری ایک روزہ میچ میں متاثر کن کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے، ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ زیادہ سود مند ثابت نہ ہوا اور وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا، پاکستان اے کی جانب سے مختار احمد 78 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے اور پوری ٹیم 169 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

پاکستان اے کی جانب سے دیئے گئے 170 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کینیا کے بلے باز بری طرح ناکام رہے اور سوائے ایک کھلاڑی کے کوئی بھی کھلاڑی ڈبل فیگر میں داخل نہ ہو سکا۔ کینیا کی جانب سے صرف ایمانویل بندی رنگیرا 15 رنز بنا سکے اور پوری ٹیم 24ویں اوور میں 61 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ پاکستان اے کی جانب سے صیاءالحق نے 4 جب کہ میر حمزہ، احمد جمال اور سعید اجمل نے 2،2 وکٹ حاصل کئے۔

واضح رہے کہ 2009 میں سری لنکن ٹیم پر حملے کے بعد سے پاکستان پر بین الاقوامی کرکٹ کے دروازے بند کر دیئے گئے تھے اور اس کے بعد کینیا پہلی ٹیم ہے جس نے پاکستان آ کر کرکٹ کے میدانوں کو آباد کرنے کا آغاز کیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔