آپریشن ’’ضرب عضب‘‘ کا دائرہ پورے ملک میں پھیلایا جائے، ڈاکٹر طاہرالقادری

ویب ڈیسک  ہفتہ 20 دسمبر 2014
مدرسوں کے نصاب کے لئے علماء کرام پر مشتمل بورڈ تشکیل دیا جائے اورکلعدم تنظیموں پر مکمل پابندی لگائی جائے، ڈاکٹر طاہرالقادری،
 فوٹو: فائل

مدرسوں کے نصاب کے لئے علماء کرام پر مشتمل بورڈ تشکیل دیا جائے اورکلعدم تنظیموں پر مکمل پابندی لگائی جائے، ڈاکٹر طاہرالقادری، فوٹو: فائل

لاہور: پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے دہشتگردی سے نمٹنے کے لئے 14 نکات پر مشتمل پلان پیش کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہےکہ شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن ضرب عضب کا دائرہ پورے ملک میں پھیلایا جائے۔

پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے دہشتگردی کے خلاف 14 نکات پر مشتمل پلان پیش کردیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پارلیمنٹ دہشت گردی کی جنگ کو پاکستان کی جنگ قرار دے اور دہشتگردوں کے خلاف جنگ میں مصروف فورسز کے بجٹ میں اضافہ کیا جائے، ملک میں تمام مدرسوں کے لئے ایک نصاب مقرر کیا جائے ، دہشت گردوں کو ہونے والی  بیرونی ممالک کی فنڈنگ پر پابندی لگائی جائے جبکہ ڈرون حملوں، دہشتگردی اور آپریشن کے متاثرین کی بحالی کے لئے ادارہ قائم کیا جائے۔

طاہرالقادری نے اپنے نکات میں مزید کہا ہے کہ جو بھی دہشت گردوں کے حق میں بیان دےاس کے لئے عمر قید کی سزا مقرر کی جائے، ملک میں  فوجی عدالتوں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے تاکہ 7 دن کے اندر فیصلے کئے جاسکیں، انتہا پسندی کے لیٹریچر کو تلف کر کے اس کی اشاعت پر پابندی لگائی جائے، مدرسوں کے نصاب کے لئے علماء کرام پر مشتمل بورڈ تشکیل دیا جائے اورکلعدم تنظیموں پر مکمل پابندی لگائی جائے۔

14 نکاتی پلان میں پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ملک میں دہشت گردی کے خاتمےکے لیےغربت کےخاتمے پر خصوصی توجہ دی جائے جبکہ اس بات کا بھی تعین یقینی بنایا جائے کہ دہشت گردوں کو پیسہ اور اسلحہ کہاں سے اور کون فراہم کررہا ہے۔ طاہرالقادری نے مطالبہ کیا کہ آپریشن ضرب عضب کا دائرہ پورے ملک میں پھیلایا جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔