قومی گرڈ میں فنی خرابی کے باعث کراچی سمیت سندھ اور بلوچستان میں بجلی کا بریک ڈاؤن

ویب ڈیسک  اتوار 21 دسمبر 2014
شہر کے بیشتر علاقے میں بجلی کی فراہمی بحال ہوگئی ہے، ترجمان کے الیکٹرک۔ فوٹو: فائل

شہر کے بیشتر علاقے میں بجلی کی فراہمی بحال ہوگئی ہے، ترجمان کے الیکٹرک۔ فوٹو: فائل

کراچی: قومی گرڈ لائن میں فنی خرابی کے باعث شہرقائد سمیت سندھ اور بلوچستان کے بیشترعلاقوں میں 10 گھنٹوں سے زائد دورانیے تک بجلی کی فراہمی منقطع رہی۔

وزارت پانی و بجلی کے مطابق اتوار کی صبح پونے 4 بجے نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی کی 500 کے وی کی لائن ٹرپ ہوگئی جس کی وجہ سے کراچی، حیدرآباد، نوابشاہ، سانگھڑ، تھرپارکر، میرپورخاص، دادو، جامشورو، جیکب آباد، لاڑکانہ، کشمور سمیت سندھ کے تمام اضلاع جبکہ بلوچستان کے لسبیلہ، جھل مگسی ، نصیرآباد، صحبت پور اور ڈیرہ مراد جمالی میں بجلی بند ہوگئی۔ کے الیکٹرک اور واپڈا نے 9 گھنٹوں کی طویل محنت کے بعد بجلی کی فراہمی کو مرحلہ وار بحال کرنا شروع کردیا ہے۔

ایکسپریس نیوز سے بات کرتے ہوئے کے الیکٹرک کے ترجمان احمد فراز نے کہا کہ این ٹی ڈی سی کی گدو دادو ٹرانسمیشن لائن ون اور ٹو ہفتے اور اتوار کی درمیانی رات کو ٹرپ کرگئی جس سے قومی گرڈ سے کراچی کو ملنے والی بجلی کی فراہمی منقطع ہوگئی جس کی وجہ کے الیکٹرک کا اپنا نظام بھی ٹرپ کرگیا تاہم ادارے کے ماہرین نے کئی گھنٹوں کی محنت کے بعد بجلی کی مرحلہ وار بحالی شروع کردی اور اس وقت شہر کے بیشتر حصے میں بجلی کی فراہمی شروع ہوچکی ہے تاہم نیشنل گرڈ سے بجلی کی بحالی تک صارفین کو پریشانی کا سامنا رہے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔