شہروں میں چھپے دشمنوں کے خلاف بھی ضرب عضب ہوگا، وزیراعظم

ویب ڈیسک  پير 22 دسمبر 2014
وزیراعظم نے دہشتگردوں کو سزائیں دلوانے اور حکم امتناعی کے خلاف فوری قانونی اقدامات اٹھانے کی ہدایات جاری کردیں۔ فوٹو: فائل

وزیراعظم نے دہشتگردوں کو سزائیں دلوانے اور حکم امتناعی کے خلاف فوری قانونی اقدامات اٹھانے کی ہدایات جاری کردیں۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد: وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ ایک ضرب عضب قبائلی علاقوں میں جاری ہے اور دوسرا شہروں میں چھپے بیٹھے دشمنوں کے خلاف ہوگا۔

وزیراعظم نواز شریف کی زیرصدارت انسداد دہشتگردی سے متعلق انتظامات کاجائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار، وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور دیگر نے شرکت کی۔ اس موقع پر وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ دہشتگردوں کے خلاف فیصلہ کن جنگ ہوگی اور شہروں میں بیٹھے دہشتگردوں کے خلاف بھی آپریشن ضرب عضب طرز کا آپریشن ہوگا اور ملک کو دہشتگردی کے کینسر سے نجات دلا کر ہی دم لیں گے، ہزارہ ٹاؤن کوئٹہ اور پشاور چرچ میں بے گناہوں کا خون بہانے والوں کے خلاف بھی فیصلہ کن جنگ ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو ہرممکن تحفظ اور امن دینے کیلیے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے اور اس کے لئے افواج اورقانون نافذ کرنیوالےادارےدہشتگردی کیخلاف ملکرکارروائیاں کررہے ہیں۔

اس سے قبل ترجمان وزیراعظم ہاؤس کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نواز شریف نے دہشتگردوں کو سزائیں دلوانے اور حکم امتناعی کے خلاف فوری قانونی اقدامات اٹھانے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے اٹارنی جنرل آفس کو فوری اقدامات اٹھانے کا حکم دیا جب کہ وزیراعظم نے لیگل ریفارمز کمیٹی کی تشکیل کے لئے وزارت قانون کو ہدایات جاری کرتے ہوئے چوہدری اشرف کو لیگل ریفارمز کمیٹی کا سربراہ بھی مقرر کردیا جب کہ کمیٹی مروجہ قوانین میں ترمیم اور نئے قوانین کی تیاری میں معاونت کرے گی۔ ترجمان کے مطابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان سےہرقیمت پر مکمل طور پر دہشتگردی کے خاتمے کا عزم کر رکھا اور جس نے ہمارے فوجیوں، شہریوں اور بچوں کی جان لی ان پر رحم نہیں کیا جاسکتا، انہیں اپنے کئے کی سزا ضرور دی جائے گی اور دہشتگردی کے مقدمات کی متحرک انداز میں پیروی کی جائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔