امریکا میں اسپیلنگ کی غلطی اسکول پرنسپل کی تنزلی اور رخصتی کا باعث بن گئی

ویب ڈیسک  پير 22 دسمبر 2014
 پرنسپل کو تنزلی کے ساتھ اس غلطی کی ایک سال میں ایک لاکھ ڈالر سے زائد قیمت ادا کرنا پڑے گی،امریکی اخبار۔ فوٹو فوکس نیوز

پرنسپل کو تنزلی کے ساتھ اس غلطی کی ایک سال میں ایک لاکھ ڈالر سے زائد قیمت ادا کرنا پڑے گی،امریکی اخبار۔ فوٹو فوکس نیوز

نیو جرسی: اساتذہ کے قلم سے نکلا ہوا ایک ایک لفظ اور اس کا درست اسپیلنگ سے لکھا ہونا کتنا قیمتی ہوتا ہے اس کا ایک مظاہرہ نظرآیا امریکا میں جہاں  اسکول کے باہر  لگائے گئےنوٹس بورڈ پر 3 الفاظ کی اسپیلنگ کی غللطی کے باعث اسکول پرنسپل کو نہ صرف پرنسپل کی سیٹ سے ہاتھ دھونا پڑا بلکہ اسکول سے بھی رخصت ہونا پڑگیا۔

 امریکی اخبار کے مطابق نیو جرسی میں سٹی اسکول کے انٹری گیٹ کے باہر  اسکول انتظامیہ کی جانب سے والدین کے لیے لگائے گئے نوٹس بورڈ پر لکھی گئی تحریر میں اسپیلنگ کی تین بڑی غلطیاں درج تھیں۔ لفظ Decemberکو Dicember لکھا گیا، رپورٹ کو reeper جب کہ نمبر 1 کو الٹا تحریر کردیا گیا اور دلچسپ بات یہ تھی کہ ایک ہفتہ گزرجانے کے باوجود پرنسپل سمیت کسی  نے بھی اس کا نوٹس نہیں لیا۔ اس دوران سٹی اسکول کے بورڈ ممبر نے اس بات کا نوٹس لیتے ہوئے  اس سائن بورڈ کی تصویر کے ساتھ  نوٹس اسکول انتظامیہ اورمحکمہ تعلیم کو بھیج دیا اور ساتھ ہی اسے اپنی فیس بک پر پوسٹ کردیا۔ انہوں نے اپنے نوٹ میں واضح کیا کہ اگر اساتذہ اورانتظامیہ اس طرح کی غلطیاں کریں گے تو طلبا سے بہتری کی توقع کیسے کی جاسکتی ہے، ہمیں تعلیم کا بہترین معیار قائم کرنا چاہیے۔

محکمہ تعلیم نے بورڈ ممبر کے نوٹس پرفوری کارروائی کرتے ہوئے اسکول پرنسپل اننٹوائنیٹ ینگ کی تنزلی کردی اورانہیں ایک دوسرے اسکول میں ٹرانسفر بھی کردیا، اخبار کے مطابق پرنسپل کو تنزلی کے ساتھ اس غلطی کی ایک سال میں ایک لاکھ ڈالر سے زائد قیمت ادا کرنا پڑے گی، دوسری جانب والدین نے اس غلطی کے سامنے آنے پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ناقابل قبول ہے اور کیا یہ وہ لوگ ہیں جن پرہم اعتماد کر کے اپنے بچوں کو تعلیم کے لیے اسکول بھیجتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔