پہلی مرتبہ فلم ’’ڈرٹی پالیٹکس‘‘ میں عورت کا مرکزی کردار ادا کر رہی ہوں، ملائیکہ شیراوت

شوبز ڈیسک  منگل 23 دسمبر 2014
فلم میں راجستھان کی غریب عورت کا کردار ادا کر رہی ہوں جو مقاصد کیلیے کچھ بھی کر سکتی ہے، ملائیکہ شیراوت فوٹو: فائل

فلم میں راجستھان کی غریب عورت کا کردار ادا کر رہی ہوں جو مقاصد کیلیے کچھ بھی کر سکتی ہے، ملائیکہ شیراوت فوٹو: فائل

ممبئی: بالی ووڈ میں اپنے گلیمرس رول اور متنازع بیانات یا مبالغہ آرائی کی وجہ سے شہرت رکھنے والی اداکارہ ملائیکہ شیراوت پچھلے دو برسوں سے اچانک پردہ اسکرین سے غائب رہی ہیں لیکن اب وہ نئی فلم ،،ڈرٹی پالیٹکس ،، کے ساتھ ایک مرتبہ پھر فلمی دنیا میں واپس آ رہی ہیں اور خاص بات یہ کہ وہ اس نئی فلم میں مرکزی کردار میں جلوہ گر ہو رہی ہیں جو کہ کسی ہیرو کے بجائے ایک خاتون کے مرکزی کردار والی فلم ہے۔

گزشتہ روز اس فلم کا ٹریلر جاری کیا گیا ، اس موقع پر ملائیکہ شیراوت نے اس فلم میں کام کے دوران اپنے جذبات اور بالی ووڈ سے اپنی دوری کا سبب بھی بتایا۔ ملائیکہ شیراوت نے بتایا کہ ،،میں ڈائریکٹر کے سی بوکادیاجی کا شکر ادا کرنا چاہوں گی جنہوں نے مجھے اس عورت کے مرکزی کردار والی فلم کے لیے منتخب کیا، عام طور پر میں نے اس طرح کے کردار کبھی ادا نہیں کیے کیونکہ مجھ سے ہمیشہ گیلمرس رول ہی کروائے جاتے رہے ہیں، یہ میری زندگی میں ملنے والا ایک واحد موقع تھا اور میں خود بھی ایسی ہی کسی فلم کے انتظار میں تھی۔

جس میں مجھے کوئی مرکزی کردار ملتا، یہی وجہ تھی کہ میں نے فلمی دنیا سے وقفہ لے لیا تھا مگر میں نے اس دوران بھی اپنا وقت ضائع نہیں کیا اور میں امریکا میں کام کرتی رہی۔ فلم میں اپنے کردار سے متعلق باتے کرتے ہوئے کہا میں اس فلم میں انوکھی دیوی کے نام سے کردار ادا کر رہی ہوں جو کہ راجستھان کے ایک چھوٹے سے گاؤں کے بہت ہی غریب خاندان سے تعلق رکھتی ہے، وہ ایک لالچی اور شہرت کی خواہشمند خاتون ہے اور اپنے مقاصد کے لیے وہ کچھ بھی کر گزنے کو تیار رہتی ہے، وہ زندگی میں آگے بڑھنا چاہتی ہے اور اس مقصد کے لیے وہ جنسی تعلقات کا استعمال کرتی ہے تاکہ سیاست میں بھی اقتدار پا سکے اور پھر وہ ایسا کر گزرتی ہے اور اس سے اپنی طاقت اور خواہش کی تکمیل کرتی ہے،،۔

فلم ،،ڈرٹی پالیٹکس ،، دراصل بھنوری دیوی کے جنسی تعلقات سے متعلق بنائی گئی فلم ہے جس میں سینئر اداکار اوم پوری نے ایک سیاستدان کا کردار ادا کیا ہے۔ اوم پوری کے ساتھ بولڈ سین فلمبند کروانے سے متعلق پوچھے گئے سوال میں ملائیکہ شیراوت نے بتایا کہ وہ اوم پوری کے ساتھ ان مناظر کی عکسبندی کے دوران نروس تھیں ۔

تاہم انھوں نے میری ہمت بندھائی۔ فلم ،،ڈرٹی پالیٹکس ،، میں ملائیکہ شیرواوت اور اوم پوری کے علاوہ نصیرالدین شاہ، انوپم کھیر، جیکی شیروف ، اشوتوش رانا اور راجپال یادو بھی جلوہ گر ہو رہے ہیں جب کہ فلم کو جلد ہی ریلیز کیا جا رہا ہے۔ جب ملائیکہ شیراوت سے پوچھا گیا کہ وہ کون سے پروجیکٹس تھے جن میں اس نے خود کو مصروف رکھا تو ملائیکہ نے بتایا کہ ،،میں امریکا کی ٹاپ پانچ ٹی وی سیریز میں سے ایک ہوائی فائیو او کر رہی تھی جس میں ان کے ساتھ الیکس او لافلن بھی تھے،،۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔