کراچی میں فائرنگ سے3افراد قتل اور 6 زخمی

اسٹاف رپورٹر  منگل 23 دسمبر 2014
سپر ہائی وے صنعتی ایریا کے جنجال گوٹھ میں موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے 35 سالہ نوجوان بحق ہوگیا، پولیس  فوٹو: فائل

سپر ہائی وے صنعتی ایریا کے جنجال گوٹھ میں موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے 35 سالہ نوجوان بحق ہوگیا، پولیس فوٹو: فائل

کراچی: شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں3افراد ہلاک جبکہ جے یو آئی (ف) کے علاقائی عہدے دار سمیت 6 افراد زخمی ہوگئے۔

گلبرگ کے علاقے موسیٰ کالونی گلی نمبر 4 میں ویلکم ہاؤس الیکٹرونکس کے نام سے قائم قسطوں پر اشیا فروخت کرنے کی دکان پر نامعلوم ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کر کے 3 افراد کو شدید زخمی کر دیا اور فرار ہوگئے، زخمی 40 سالہ عون محمد نقوی اور 38 سالہ مطاہر جعفری کو آغا خان اسپتال جبکہ تیسرے زخمی 32 سالہ محمد سلیم کو عباسی شہید اسپتال لے جایا گیا، پولیس کے مطابق دکان کا مالک عون محمد نقوی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا جبکہ مطاہر جعفری بھی دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا، پولیس کا کہنا ہے کہ2 موٹر سائیکلوں پر سوار4 ملزمان آئے، 2 افراد دکان میں داخل ہوئے اور وہاں پر موجود افراد سے بات چیت کرتے ہوئے مختلف اشیا کی قیمتیں معلوم کرنے کے دوران اچانک اسلحہ نکال کر اندھا دھند فائرنگ کر دی اور دکان کے باہر موجود اپنے ساتھیوں کے ہمراہ موقع سے فرار ہوگئے، فائرنگ کی آواز سن کر علاقے میں بھگدڑ مچ گئی اور خوف و ہراس پھیل گیا۔

اطلاع ملتے ہی رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔ ترجمان مجلس وحدت المسلمین نے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایک ہی دن میں5 اہل تشیع افراد کو فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا، پولیس اور رینجرز اہل تشیع افراد کی ٹارگٹ کلنگ کو روکنے میں بری طرح سے ناکام ہے، شہر کو فوری طور پر فوج کے حوالے کیاجائے۔ پولیس کے مطابق واقعہ فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے۔ مقتولین عون محمد نقوی ملیر جعفر طیار سوسائٹی، مطاہر گولیمار اور زخمی سلیم اورنگی ٹاؤن کا رہائشی بتایا جاتا ہے، مقتول مطاہر کی میت رات گئے رضویہ امام بارگاہ لائی گئی۔ سپر ہائی وے صنعتی ایریا کے جنجال گوٹھ میں موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے 35 سالہ عادل جاں بحق ہوگیا ، پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول ٹی وی میکینک تھا اور اپنی دکان بند کر کے گھر جارہا تھا کہ راستے میں اسے نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا۔

مقتول کا چند ماہ قبل گلشن معمار میں جھگڑا ہوا تھا جس میں ایک شخص مارا بھی گیا تھا۔ اورنگی ٹاؤن کے علاقے ایم پی آر کالونی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جمعیت علمائے اسلام فضل الرحمن گروپ کے علاقائی عہدے دارمولانا ملک زر شدید زخمی ہوگئے، ایس ایچ او تنویر مراد نے ایکسپریس کو بتایا کہ مولانا ملک زر بیکری پر سامان خرید رہے تھے کہ موٹر سائیکل سوار 2 نامعلوم ملزمان نے ان پر فائرنگ کردی، ایس ایچ او کا کہنا ہے کہ مولانا ملک زر کا آبائی تعلق سوات کے علاقے کالا ڈھاکا سے ہے۔ شارع فیصل پر اسٹار گیٹ کے قریب واقع نجی اسپتال کے سامنے ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر 28 سالہ نعمان، سخی حسن کے قریب کار پر فائرنگ سے30 سالہ ذیشان نقوی، گلشن اقبال کے علاقے بلاک 2 موتی محل کے قریب فائرنگ سے 30 سالہ زین عباس شدید زخمی ہوگیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔