پھانسی کے منتظر 5 دہشتگردوں کی درخواستیں مسترد، سزائے موت کا فیصلہ برقرار

ویب ڈیسک  بدھ 24 دسمبر 2014
لاہور ہائی کورٹ نے دہشت گردوں کی سزائے موت کے خلاف حکم امتناعی خارج کیا  فوٹو: فائل

لاہور ہائی کورٹ نے دہشت گردوں کی سزائے موت کے خلاف حکم امتناعی خارج کیا فوٹو: فائل

راولپنڈی: لاہور ہائی کورٹ نے 5 دہشتگردوں کی پھانسی کے خلاف دائر درخواستیں خارج کردی ہیں۔

لاہور ہائی کورٹ کے راولپنڈی بنچ کے جج جسٹس ارشد محمود تبسم نے گجرات میں فوجی کیمپ پر حملے اور واہ فیکٹری دھماکہ میں ملوث احسان عظیم، عمر ندیم، آصف ادریس، کامران اسلم اور عامر یوسف کے ورثا کی درخواستوں کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران ڈپٹی اٹارنی جنرل نے عدالت عالیہ کو بتایا کہ ملزمان کے خلاف فوجی عدالت میں 7 سیکیورٹی اہلکاروں کو فائرنگ کرکے قتل کرنے کا مقدمہ چلا تھا، عدالت نے فروری 2014 میں پانچوں ملزمان کو سزائے موت سنائی تھی جسے قانون کے مطابق ملزمان نے چیلنج بھی کیا تھا تاہم 10 جون 2014 کو ان کی یہ درخواست بھی مسترد ہوگئی تھی۔ جس کے بعد ان کا ڈیتھ وارنٹ جاری کیا گیا ہے جو کہ قانون کے مطابق ہے، فریقین کا موقف سننے کے بعد عدالت نے پھانسی کی سزا کے خلاف درخواستیں مسترد کردیں۔

واضح رہے کہ پانچوں ملزمان کو 22 دسمبر کو کوٹ لکھپت جیل میں پھانسی دی جانی تھی اور اس سلسلے میں ان کے بلیک وارنٹ بھی جاری ہوچکے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔