ورلڈ کپ میں محمد حفیظ اور سعید اجمل کی شرکت ٹیسٹ سے مشروط ہوگی، چیرمین پی سی بی

ویب ڈیسک  جمعرات 25 دسمبر 2014
 ملک میں ایک مرتبہ پھر عالمی کرکٹ کی بحالی کے لئے کوشاں ہیں، چیئرمین پی سی بی۔ فوٹو؛ ایکسپریس نیوز/فائل

ملک میں ایک مرتبہ پھر عالمی کرکٹ کی بحالی کے لئے کوشاں ہیں، چیئرمین پی سی بی۔ فوٹو؛ ایکسپریس نیوز/فائل

کراچی: پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیرمین شہریار خان کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ میں آل راؤنڈر محمد حفیظ اور جادوگر اسپنر سعید اجمل کی شرکت ٹیسٹ سے مشروط ہوگی جب کہ ورلڈ کپ کے بعد بورڈ میں دہری ذمہ داری ادا کرنے والے کچھ افراد کا فیصلہ ہوگا اور ٹیم منیجر کی تبدیلی کا  فیصلہ بھی 7 جنوری سے قبل کردیا جائے گا۔

کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے شہریار خان کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ کے لئے ٹیم کو تیار کیا جارہا ہے اور مشکوک ایکشن کا شکار ہونے والے آل راؤنڈر محمد حفیظ اور سعید اجمل کو ٹیم میں شامل کرنے کا فیصلہ ان کے ٹیسٹ سے مشروط ہوگا، اگر دونوں کھلاڑیوں کے ٹیسٹ درست ثابت ہوجاتے ہیں تو انہیں ورلڈ کپ اسکواڈ کا حصہ بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں ایک مرتبہ پھر عالمی کرکٹ کی بحالی کے لئے کوشاں ہیں جب کہ حال ہی میں لاہور آنے والی کینیا کی ٹیم نے سیکیورٹی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا، کوشش ہے کہ کراچی میں بھی غیر ملکی ٹیمیں آکر کھیلیں اور اس حوالے سے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے غیر ملکی ٹیموں کو سیکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

شہریارخان کا کہنا تھا کہ ملک میں خواتین کرکٹ کو بھی فروغ دے رہے ہیں اور اس حوالے سے بڑے شہروں میں خواتین کے لئے گراؤنڈ بنائے جائیں گے۔ پی سی بی بورڈ کے حوالے سے شہریار خان نے کہا کہ  ورلڈ کپ کے بعد بورڈ میں دہری ذمہ داری ادا کرنے والے کچھ افراد کا فیصلہ ہوگا اور ٹیم منیجر کی تبدیلی کا  فیصلہ بھی 7 جنوری سے قبل کردیا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔