بلاول بھٹو اور آصف زرداری کے درمیان اختلافات کی خبریں بے بنیاد ہیں، وزیراعلیٰ سندھ

ویب ڈیسک  جمعرات 25 دسمبر 2014
امین فہیم پارٹی کے صدر ہیں اور پارٹی چھوڑ کر کہیں نہیں جارہے تاہم چھوٹے موٹے اختلافات ہوتے رہتے ہیں، قائم علی شاہ۔ فوٹو: فائل

امین فہیم پارٹی کے صدر ہیں اور پارٹی چھوڑ کر کہیں نہیں جارہے تاہم چھوٹے موٹے اختلافات ہوتے رہتے ہیں، قائم علی شاہ۔ فوٹو: فائل

لاڑکانہ: وزیراعلی سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو اورآصف زرداری کے درمیان  اختلافات کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔

گڑھی خدا بخش میں بے نظیر بھٹو کے مزار پر فاتحہ خوانی کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کے مخالفین سازشیں کر رہے ہیں اور افواہیں پھیلا رہے ہیں کہ آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو کے درمیان اختلافات ہیں تاہم ایسا کچھ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر گڑھی خدا بخش میں پارٹی کا جلسہ ضرور ہوگا اور اس حوالے سے کسی کو شک میں نہیں رہنا چاہیئے۔

قائم علی شاہ  سے جلسے میں آصف زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کی شرکت کے حوالے سے جب سوال  پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ دونوں میں سے کسی ایک کے شرکت کا امکان ہے جب کہ پارٹی صدر مخدوم امین فہیم کی ناراضگی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ  امین فہیم پارٹی کے صدر ہیں اوروہ پارٹی چھوڑ کر کہیں نہیں جارہے تاہم چھوٹے موٹے اختلافات ہوتے رہتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔