کوہلی نے چاقو سے شیکر دھون کو زخمی کردیا تھا، دھونی کا مذاق

اسپورٹس ڈیسک  جمعـء 26 دسمبر 2014

میلبورن: بھارتی کپتان مہندرا سنگھ دھونی نے ڈریسنگ روم میں لڑائی کا معاملہ مذاق میں اڑا دیا، وہ کہتے ہیں کہ ویرات کوہلی نے چاقو سے شیکھر دھون کو زخمی کردیا تھا۔

اس لیے وہ برسبین ٹیسٹ میں دیر سے بیٹنگ کیلئے گئے، میڈیا میں جو کہانیاں آتی ہیں ان پر فلم بن سکتی ہے، اگر ہم میں سے کسی نے ایسی کوئی بات میڈیا سے کی تو پھر اسے کرکٹ میں نہیں فلموں میں کام کرنا چاہیے، یہ باتیں انھوں نے آسٹریلیا سے تیسرا ٹیسٹ شروع ہونے سے قبل پریس کانفرنس کے دوران کہیں۔ یاد رہے کہ چوتھے روز بھارت مضبوط پوزیشن کے باوجود  برسبین ٹیسٹ4 وکٹ سے ہار گیا تھا، چوتھی صبح اوور نائٹ بیٹسمین شیکھر دھون کے بجائے ویرات کوہلی بیٹنگ کیلئے آئے تھے۔

اس کی وجہ یہ بتائی گئی کہ اوپنر کو ٹریننگ کے دوران کلائی پر گیند لگی جس سے وہ فوری طور پر کھیلنے کے قابل نہیں تھے، اس پر دھونی نے کہا تھا کہ ڈریسنگ روم کا ماحول اس صبح کافی اپ سیٹ رہا، ہمیں اس معاملے کو بہتر انداز میں سنبھالنا چاہیے تھا۔ اگلے روز میڈیا میں انکشاف کیا گیا کہ ویرات کوہلی صبح ہی صبح مچل جونسن کا سامنا کرنے کو تیار نہیں تھے، انھیں زبردستی بیٹنگ کیلئے بھیجا گیا اور صرف ایک رن پر وکٹ گنواکر پویلین واپس لوٹے تو دھون پر چڑھ دوڑے اور اپنے آؤٹ ہونے کی وجہ انہی کو قرار دیا جس پر اوپنر بھی غصے میں آگئے۔ گذشتہ روز جب دھونی میڈیا کے سامنے آئے تو ان سے بھی اس واقعے کے بارے میں پوچھا گیا مگر انھوں نے مذاق میں ہی بات اڑادی۔

انھوں نے کہا کہ ہوا کچھ یوں تھا کہ ویرات کوہلی نے چاقو نکال کر شیکھر دھون کو زخمی کردیا اور جب ان کی حالت بہتر ہوئی تو ہم نے انھیں کھیلنے کیلیے بھیجا۔ دھونی نے کہا کہ میڈیا نہ جانے کہاں سے ایسی کہانیاں گھڑ لیتا ہے، ان پر تو وارنر برادرز اچھی سی فلم بنا سکتے ہیں۔ ایک سوال پر دھونی نے کہا کہ اگر آپ کو ڈریسنگ روم سے یہ خبر ملی تو ہمیں بھی اس کا نام بتائیں جو اتنی عمدگی سے منظر کشی کرلیتا ہے، اسے ٹیم کے ساتھ نہیں بلکہ فلموں میں ہونا چاہیے۔ دھونی نے واضح کیا کہ ٹیم میں کوئی اختلاف نہیں اور ہم اس طرح کی خبروں کے عادی ہوچکے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔