پاکستانی بورڈ کے نیا محاذ کھولنے پر بنگلہ دیش سخت ناراض

اسپورٹس ڈیسک  اتوار 25 جنوری 2015
دورہ کرنے پرکسی ملک کی جانب سے آمدنی کا حصہ مانگنے کی مثال نہیں سنی، نعیم فوٹو : فائل

دورہ کرنے پرکسی ملک کی جانب سے آمدنی کا حصہ مانگنے کی مثال نہیں سنی، نعیم فوٹو : فائل

ڈھاکا: پاکستان کرکٹ بورڈکی جانب سے نیا محاذ کھولنے پربنگلہ دیش سخت ناراض ہو گیا،اس نے سیریز کے حوالے سے مطالبات کوناجائز قرار دے دیا۔

بی سی بی کے چیئرمین نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ دورہ کرنے پرکسی ملک کی جانب سے آمدن کا حصہ مانگنے کی مثال نہیں سنی، اس نوعیت کی شرائط عائد نہیں کی جاتیں،معاملات باہمی تعاون کی فضا میں طے کیے جاتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق آئی سی سی فیوچر ٹور پروگرام کے تحت پاکستان ٹیم کا دورہ بنگلہ دیش اپریل اور مئی میں طے ہے،اس کے دوران 2 ٹیسٹ، 3 ون ڈے اور ایک ٹوئنٹی 20 میچ کھیلا جائے گا،جمعے کو پی سی بی کی جانب سے مطالبات سامنے آئے تھے کہ سیریز کی آمدنی کا 50 فیصد جبکہ جوابی دورے پر انڈر 19 اور اے ٹیم بھجوانے کی تحریری یقین دہانی کے بعد ہی گرین شرٹس کو بھجوانے کا فیصلہ کیا جائے گا۔

بی سی بی نے اپنے ردعمل میں مطالبات تسلیم کرنے سے صاف انکار کرتے ہوئے سرخ جھنڈی دکھا دی ہے، چیئرمین نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ ٹورز کیلیے اس نوعیت کی شرائط عائد نہیں کی جاتیں، سب معاملات باہمی تعاون کی فضا میں طے ہوتے ہیں، میں نے کبھی نہیں سنا کہ کسی ملک نے دورہ کرنے سے قبل میزبان سے آمدنی کا حصہ مانگا ہو، یہ سوچ حقیقت پسندانہ  نہیں کہی جاسکتی،انہوں نے کہا کہ بی سی بی پاکستان کو رعایت دے سکتا ہے اور نہیں بھی، ہوسکتا ہے کہ دونوں فریق کوئی درمیانہ راستہ ہی نکال لیں، امید ہے کہ گرین شرٹس دورئہ بنگلہ دیش کیلیے آئیں گے، ہم پی سی بی کیساتھ رابطے میں ہیں تاہم ابھی تک کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا۔

یاد رہے کہ دونوں کرکٹ بورڈز کے چیف ایگزیکٹیوز رواں ماہ دبئی میں ہونے والی آئی سی سی میٹنگ کے دوران ملاقات کریں گے جس کے بعد مزید صورتحال واضح ہوگی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔