دورہ نیوزی لینڈ؛ پاکستانی ٹیم آج صلاحیتیں جانچے گی

اسپورٹس ڈیسک / اسپورٹس رپورٹر  اتوار 25 جنوری 2015
کیوی بیٹنگ کوچ ٹیم کی کارکردگی میں عدم تسلسل اور درست کمبی نیشن نہ بننے پر فکر مند فوٹو: فائل

کیوی بیٹنگ کوچ ٹیم کی کارکردگی میں عدم تسلسل اور درست کمبی نیشن نہ بننے پر فکر مند فوٹو: فائل

کرائسٹ چرچ / لاہور: دورہ نیوزی لینڈ میں پاکستان کرکٹ ٹیم اتوار کوپریذیڈنٹ الیون سے پریکٹس میچ کھیل کر صلاحیتیں جانچے گی۔

گذشتہ روز کھلاڑیوں نے کوچنگ اسٹاف کی رہنمائی میں طویل نیٹ سیشن میں حصہ لیا، ہیڈ کوچ وقار یونس نے پیسرز وہاب ریاض اور سہیل خان پر خصوصی توجہ دی،بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور نے اوپنرز محمد حفیظ اور احمد شہزاد کی صلاحیتیں نکھارنے پر کام کیا۔ دوسری جانب سیریز سے قبل کیوی بیٹنگ کوچ کریگ میکملن ٹیم کی کارکردگی میں عدم تسلسل اور درست کمبی نیشن نہ بن پانے پر فکر مند ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ورلڈکپ کی تیاری کیلیے نیوزی لینڈ میں موجود پاکستان ٹیم اپنے ٹور کا آغاز اتوار کو  میزبان پریذیڈنٹ الیون کیخلاف وارم اپ میچ سے کرے گی،گذشتہ روز کھلاڑی کوچنگ اسٹاف کی زیررہنمائی طویل نیٹ سیشن میں شریک ہوئے۔

اس دوران پیسرز وہاب ریاض اور سہیل خان ہیڈ کوچ وقار یونس کی خصوصی توجہ کا مرکز بنے، بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور نے اوپنرز محمد حفیظ اور احمد شہزاد کی صلاحیتیں نکھارنے  کیلیے کام کیا، اتوار کے سائیڈ میچ میں گرین شرٹس کو ہنر آزمانے اور نیوزی لینڈ کی کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہونے کا موقع ملے گا، پریذیڈنٹ الیون سے دوسرا مقابلہ منگل کو ہوگا،کیویز کیخلاف سیریز کا پہلا ون ڈے انٹرنیشنل 31 جنوری کو ویلنگٹن میں کھیلا جائے گا، دوسرا اورآخری  میچ 3 فروری کو نیپیئر میں ہوگا، بعد ازاں قومی ٹیم ورلڈکپ میں شرکت کیلیے 5 فروری کو آسٹریلیا روانہ ہوگی جہاں 2 پریکٹس میچ بنگلہ دیش اور انگلینڈ کیخلاف شیڈول ہیں۔

میگا ایونٹ میں گرین شرٹس کا پہلا معرکہ بھارت سے 15 فروری کو ایڈیلیڈ میں ہوگا، اس اہم میچ سے قبل پاکستان کو محدود وسائل کے سبب ایک متوازن اسکواڈ  تشکیل دینے کا چیلنج درپیش ہے، دوسری جانب کیویز بھی ابھی تک اسی کشمکش میں مبتلا ہیں، بیٹنگ کوچ کریگ میک ملن نے کہا کہ سری لنکا کیخلاف سیریز میں فتوحات خوش آئند لیکن ہم ورلڈکپ کیلیے مطلوبہ معیار کی منزل سے بہت پیچھے ہیں، بولنگ اور بیٹنگ میں بہتری کے بعد درست کمبی نیشن کی صورت میں ہی بڑی فتوحات کا خواب دیکھا جاسکتا ہے، انھوں نے کہا کہ آئی لینڈرز کیخلاف پانچویں ون ڈے میں صرف 90 رنز پر 5 وکٹیں گنوانا قطعی طور پر قابل قبول نہیں تھا، بولرز نے بھی باؤنڈریز کی شکل میں حریف کو حاوی ہونے کا موقع دیا، میکملن نے کہا کہ چند بیٹسمین رنز نہیں بنا پا رہے لیکن دوسروں کی جانب سے چیلنج قبول کرنا اچھی بات ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔