ورلڈ کپ میں بکیز نے تجوریاں لبالب بھرنے کا منصوبہ بنالیا

اسپورٹس ڈیسک  اتوار 25 جنوری 2015
بھارت میں سٹہ بازوں اورپولیس کے درمیان آنکھ مچولی شروع،ممبئی میں کریک ڈائون فوٹو:فائل

بھارت میں سٹہ بازوں اورپولیس کے درمیان آنکھ مچولی شروع،ممبئی میں کریک ڈائون فوٹو:فائل

ممبئی: بکیزنے ورلڈکپ میں تجوریاں لبالب بھرنے کا منصوبہ بنالیا، دوسری جانب ایونٹ کی آمد کے ساتھ ہی بھارت میں سٹہ بازوں اورپولیس کے درمیان آنکھ مچولی کا کھیل شروع ہوگیا، ممبئی پولیس نے بڑے پیمانے پر کریک ڈائون کا اعلان کردیا، میچز پر جوا کھلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق بھارت اسپورٹس پر کھیلے جانے والے غیرقانونی جوئے کی عالمی مارکیٹ ہے، ورلڈ کپ کے دوران ہمیشہ یہاں اربوں روپے کا جوا کھیلا جاتا اور اس موقع پر پولیس اور سٹے بازوں میں آنکھ مچولی کا سلسلہ بھی جاری رہتا ہے۔ اس بار بھی میگا ایونٹ کی آمد کے ساتھ ہی سٹے باز اپنے نیٹ ورکس کو مزید فعال کرنے کیلیے سرگرم ہوگئے ہیں، ان کی کوشش ہے کہ ہرحال میں ایونٹ سے خوب مال کمایا جائے، اسی کے ساتھ غیرقانونی جوئے کے گڑھ ممبئی میں پولیس بھی حرکت میں آگئی ہے۔ کمشنر راکیش میریا نے حال ہی میں اہم آفیشلز کے ساتھ میٹنگ کی جس میں سٹے بازوں کیخلاف کریک ڈائون کے بارے میں حکمت عملی تیار کی گئی۔

کمشنر نے واضح طور پر پولیس افسران کو حکم دیا کہ جوا کھلانے والے ہرشخص کو ڈھونڈ ڈھونڈ کر نکالا جائے۔ ان احکامات کے بعد شہر میں قائم 93 پولیس اسٹیشنز اور 12 کرائم برانچ یونٹس نے ان لوگوں کا ریکارڈ کھنگالنا شروع کردیا جو ماضی میں جوا کھلاتے ہوئے پکڑے گئے تھے۔ ڈپٹی پولیس کمشنر دنانجے کلکرنی کا کہنا ہے کہ تمام پولیس اسٹیشنز اور کرائم برانچ یونٹس نے کارروائی شروع کردی،ہم نے اپنے مخبروں کو پھیلا دیا اور آن لائن چیکنگ بھی ہورہی ہے،انڈر ورلڈ مافیا چاہتی ہے کہ ملک میں غیرقانونی جوا کھلانے والے سنڈیکیٹس کام کرتے رہیں لیکن ہم بھی انھیں پکڑنے کے لیے تیار بیٹھے ہیں، جب کبھی معمولی سی خبر ملی فوراً چھاپہ مارنے پہنچ جائیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔