ورلڈ کپ سے قبل ہی شاہینوں کے ہاتھ پیر پھول گئے

ویب ڈیسک  اتوار 25 جنوری 2015
پاکستان کی جانب سے مصباح الحق نے سنچری اور عمر اکمل نے ففٹی اسکور کی جبکہ آفریدی اپنا کھاتا بھی نہ کھول سکے۔ فوٹو؛ فائل

پاکستان کی جانب سے مصباح الحق نے سنچری اور عمر اکمل نے ففٹی اسکور کی جبکہ آفریدی اپنا کھاتا بھی نہ کھول سکے۔ فوٹو؛ فائل

لنکولن: آئندہ ماہ شروع ہونے والے کرکٹ ورلڈ کپ سے قبل ٹور میچ میں نیوزی لینڈ بورڈ پریزیڈنٹ الیون نے پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔

نیوزی لینڈ کے شہر لنکولن میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کے کپتان مصباح الحق نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو زیادہ سود مند ثابت نہ ہوا. محمد حفیظ میچ کی پہلی ہی گیند پر رن آؤٹ ہو گئے جب کہ یونس خان بھی ایک رن بنا کر چلتے بنے۔ احمد شہزاد اور صہیب مقصود بھی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے۔ ایک موقع پر پاکستان کے 4 کھلاڑی 81 رنز پر آؤٹ ہو چکے تھے لیکن کپتان مصباح اور عمر اکمل نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور 186 رنز پر پہنچا دیا، دونوں کے درمیان 105 رنز کی شراکت ہوئی، عمر اکمل 68 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ سرفراز احمد 19، وہاب ریاض 30 اور احسان عادل نے ٹیم کے اسکور میں 21 رنز کا اضافہ کیا۔ پاکستان کی جانب سے مصباح الحق نے سب سے زیادہ 107 رنز اسکور کئے جب کہ شاہد آفریدی اپنا کھاتہ کھولے بغیر پہلی ہی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کی پوری ٹیم 49.3 اوورز میں 313 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

پاکستان کی جانب سے دیئے گئے 314 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ بورڈ پریزیڈنٹ الیون نے پر اعتماد انداز سے بیٹنگ کا آغاز کیا اور مطلوبہ ہدف 46 ویں اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔ مہمان سائڈ کی جانب سے اوپنر ہنری نکولس نے 104 جب کہ ٹم سیفرٹ نے 89 گیندوں پر 115 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ پاکستان کی جانب سے احسان عادل نے 9.2 اوورز میں 81 رنز دے کر 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، ایک وکٹ سہیل خان کے حصے میں آئی جب کہ ایک کھلاڑی رن آؤٹ ہوا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔