نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو چھٹے ایک روزہ میچ میں شکست دیدی

ویب ڈیسک  اتوار 25 جنوری 2015
نیوزی لینڈ کو 7 ایک روزہ میچوں کی سیریز میں 1-4 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہو گئی ہے۔ فوٹو؛ اے ایف پی

نیوزی لینڈ کو 7 ایک روزہ میچوں کی سیریز میں 1-4 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہو گئی ہے۔ فوٹو؛ اے ایف پی

ڈنیڈن: سات ایک روزہ میچوں کی سیریز کے چھٹے میچ میں نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو 120 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 1-4 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی ہے جب کہ ایک میچ بارش کی وجہ سے ڈرا ہوگیا تھا.

نیوزی لینڈ کے شہر ڈنیڈن کے اوول یونی ورسٹی گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں کیوی قائد برینڈن میک کولم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور میزبان ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں کین ولیم سن کے 97، روس ٹیلر کے 96 اور کورے اینڈرسن کے 40 رنز کی بدولت 315 رنز کا مجموعہ اسکور بورڈ پر سجایا۔ سری لنکا کی جانب سے دھمیکا پراساد نے 2 جب کہ رنگنا ہیراتھ، تشارا پریرا اور تلکا رتنے دلشن نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے دیئے گئے ہدف کے تعاقب میں سری لنکن بیٹنگ لائن بری طرح ناکام رہی اور وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا۔ کمارا سنگا کارا کے علاوہ کوئی بھی بلے باز کیویز بولرز کا جم کر مقابلہ نہ کر سکا اور پوری  ٹیم 41 ویں اوور میں 195 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے کورے اینڈرسن نے بیٹنگ کے ساتھ بولنگ میں بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کا شکار کیا۔ میک کلنگھن نے 2 اور ٹرینٹ بولٹ نے ایک وکٹ حاصل کی جب کہ 3 آئی لینڈر رن آؤٹ ہوئے۔

میچ میں  شاندار آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر کورے اینڈرسن کوبہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جب کہ دونوں ٹیموں کے د درمیان ایک میچ بارش کی وجہ سے ڈرا ہوگیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔